مرکزی ادارہ سے اجازت طلب،کیسس میں اضافہ پر ضلع حکام کا فیصلہ
حیدرآباد۔ پلازما تھراپی کے ذریعہ کورونا کے مریضوں کے علاج کا تجربہ حیدرآباد کے بعض سرکاری ہاسپٹلس میں شروع کیا گیا ہے تاہم ضلع نظام آباد ریاست کا وہ واحد ضلع بن گیا جہاں پلازما علاج کا آغاز کیا گیا ہے۔ کورونا سے صحت یاب افراد کا پلازما حاصل کرتے ہوئے اُسے کورونا کے مریضوں میں منتقل کرنے سے عاجلانہ صحتیابی کے امکانات زائد پائے گئے ہیں۔ نظام آباد ضلع کے حکام نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل میں پلازما ڈونیشن حاصل کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مکمل تفصیلات جمع کرچکے ہیں ان میں سے کئی افراد نے پلازما کا عطیہ دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ نظام آباد کا شمار اُن اضلاع میں ہوتا ہے جہاں کورونا کے کیسس میں کافی اضافہ دیکھا گیا۔ ابتدائی مرحلہ میں نظام آباد بری طرح متاثر ہوا تاہم درمیان میں وہ کورونا سے پاک قرار دیا گیا تھا۔ اَن لاک II کے آغاز کے بعد دیگر اضلاع کے علاوہ نظام آباد میں بھی کورونا کے کیسس میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ ضلع حکام نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے پلازما تھراپی کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ ضلع میں ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے 3 ہزار کٹس روانہ کئے گئے ہیں۔ کورونا کے مریضوں کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے اور آکسیجن کے ساتھ آئی سی یو بستروں کی تعداد میں 40 سے 250 تک اضافہ کیا گیا جبکہ وینٹلیٹرس کے ساتھ بستروں کی تعداد 25 سے بڑھاکر 70 کی گئی ہے۔ اگر انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ پلازما تھراپی کی اجازت دیتی ہے تو نظام آباد نہ صرف علاج کے اعتبار سے پہلا ضلع بن جائے گا بلکہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
