حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : معلومات کے حصول کے لیے گوگل سرچ ایک آسان اور موثر ذریعہ ہے اور شہری زندگی کا اس عصری سہولت میں انحصار روز بہ روز بڑھتا ہی جارہا ہے لیکن تلنگانہ ٹورازم شعبہ عصری سہولیات سے استفادہ کرنے میں ہنوز کیچوے کی چال چل رہا ہے ۔ جس کی ایک مثال حیدرآباد میں موجود تفریحی مقامات کے متعلق آن لائن جو معلومات موجود ہیں وہ عوام کے لیے گمراہ کن ہیں کیوں کہ حالیہ دنوں میں کئی تفریحی مقامات پر داخلہ مفت کی بجائے 20 تا 50 روپئے ٹکٹ کردیا گیا جب کہ اوقات میں تبدیلی بھی ہوچکی ہے لیکن ان سب تبدیلیوں کے باوجود آن لائن معلومات میںکئی تبدیلیوں کا تذکرہ نہیں ملتا جس سے عوام کو گمراہ ہونا پڑرہا ہے ۔ نمائندے سیاست سے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ یوسف الدین نے کہا کہ جب انہوں نے اتوار کو اپنے بچوں کے ساتھ درگم چیرو (جھیل ) جانے کا منصوبہ بنایا تو آن لائن معلومات میں داخلہ مفت اور اوقات کار صبح 9 تا 5-30 بجے دستیاب ہوئے لیکن جب منزل مقصود پر پہنچے تو دیکھا کہ داخلہ ٹکٹ 30 روپئے اور پھر اندر دیگر سہولیات کے لیے علحدہ شرح ٹکٹ مقرر ہے جب کہ درگم چیرو اور درگم پارک 2 علحدہ مقامات ہیں جن کے متعلق بھی عوام میں تذبذب پایا جاتا ہے ۔ شیخ یوسف نے ٹورازم ڈپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی مقامات کیلئے علحدہ ویب سائٹ ترتیب دیتے ہوئے ہر تبدیلیوں کا اس پر تازہ ترین مواد فراہم کرنے کے علاوہ متعلقہ عہدیداروں کے نمبرات بھی فراہم کئے جانے چاہئے تاکہ عوام کو آسانی ہوسکے۔۔