حیدرآباد کے سلم علاقوں کی ترقی ٹھپ

   

حکومت کے متعدد اعلانات، عمل ندارد، حکومت کے پاس بجٹ نہ ہونے کا بہانہ

حیدرآباد۔10مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس کے طرز پر ترقی دینے کے اعلانات پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے متعدد اعلانات کئے جاتے رہے ہیں اور ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی اسکیم کے تحت کی جانے والی تعمیرات کو اس منصوبہ کے حصہ کے طور پر پیش کیا جاتا رہاہے لیکن اس اسکیم کو کس حد تک قابل عمل بنایا جا رہاہے اس کا اندازہ شہریان حیدرآباد و سکندرآباد کو ہونے لگا ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اعلانات پر اب اعتماد باقی نہیں رہا کیونکہ حکومت نے تشکیل تلنگانہ سے قبل کے اعلانات کے علاوہ تشکیل تلنگانہ کے بعد کئے جانے والے کسی بھی اعلان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات نہیں کئے ہیں بلکہ شہریوں سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی سمت کوئی پیشرفت نہیں کی ۔حیدرآباد اور سکندرآباد کے سلم علاقوں کو ترقی دینے کے اقدامات کے اعلانات کے بعد یہ تصور کیا جا رہاتھا کہ شہر کے سلم علاقوں کی ترقی کے ذریعہ شہر کے سلم علاقوں کو ڈلاس کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن عملی طور پر اس منصوبہ کا جائزہ لیا جائے تو حکومت کی جانب سے نئے شہر میں اونچی عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ سلم علاقوں کی ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی ان امور کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی بجٹ کی تخصیص کا فیصلہ کیا گیا ہے بلکہ دونوں شہروں کے سلم علاقوں کی حالت ابتر سے ابتر ہوتی جا رہی ہے اور سلم علاقوں کے مکینو ںکو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہر کے کئی علاقوں میں موجود رجسٹرڈسلم علاقوں کی ترقی کے منصوبہ کو یقینی بنانے کے لئے سروے کروائے گئے اور ان پر کروڑہا روپئے خرچ کئے گئے لیکن عملی طور پر اگر ان منصوبوں کا جائزہ لیا جائے تو عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت کے پاس درکار بجٹ نہ ہونے کے سبب ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات میں تاخیر ہورہی ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے غیر معلنہ طور پر ان ترقیاتی کاموں کو روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں موجود سلم علاقوں کی ترقی کا عمل ٹھپ ہوچکا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ڈلاس کے طرز پر ترقی دینے کے منصوبہ کے سلسلہ میں متعدد اعلانات کے دوران یہ بھی کہا گیا تھا کہ سکندرآباد کو ڈلاس اور حیدرآباد کو استنبول کے طرز پر ترقی دی جائے گی لیکن دونوں ہی اعلانات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی جواب دینے تیار نہیں ہیں۔