حیدرآباد کے سپوت پروفیسر احمد کمال دنیا کے سرکردہ سائنسدانوں میں شامل

   

حیدرآباد :۔ جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر احمد کمال کا تعلق حیدرآباد سے ہے جن کا شمار عالمی سطح کے سرکردہ 2 فیصد سائنسدانوں میں ہوتا ہے ۔ اسٹان فورڈ یونیورسٹی ( امریکہ ) کے سائنسدانوں کی ٹیم نے اپنے ایک تجزیہ میں اس کا انکشاف کیا ہے ۔ پروفیسر احمد کمال شہر کے باوقار سی ایس آئی آر ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی ( آئی آئی سی ٹی ) کے تین دہوں تک سائنس داں رہے ہیں ۔ بعد ازاں انہیں جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کا اہم عہدہ حاصل ہوا ۔ پروفیسر احمد کمال کا ہندوستان کے 0.10 فیصد ٹاپ سائنسدانوں میں بھی شمار ہوتا ہے ۔ جن کی کئی تصانیف ہیں ۔ میڈیسنل اینڈ بائیو مالیکیولر کیمسٹری میں دنیا بھر میں ان کا 83 واں رینک ہے ۔ جب کہ ہندوستان میں وہ دوسرا رینک رکھتے ہیں ۔ پروفیسر احمد کمال نے لٹل فلاور ہائی اسکول عابڈز سے اپنی اسکولی تعلیم مکمل کی جب کہ نیو سائنس کالج سے انٹر میڈیٹ کامیاب کیا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے بی ایس سی کرنے کے بعد انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے کیمسٹری میں پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کی ۔ سیاست سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ 1977 کے بعد وہ حیدرآباد واپس ہوئے اور آر آر لیبس سے وابستہ ہو کر پی ایچ ڈی پروگرام کیا اور 1982 میں اس کی تکمیل کی ۔ آر آر لیس بعد میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی بن گیا ۔ تحقیق میں ان کی دلچسپی جین کے تجزیہ اور اینٹی کینسر ایجنٹس پر مرکوز رہی ۔۔