تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کا منصوبہ ۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن کے نائب صدر نشین کا خطاب
حیدرآباد 18 اگسٹ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن کے نائب صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر وینکٹ نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ ریاستی حکومت حیدرآباد کے شمالی حصہ میں ایک اور انٹرنیشنل ائرپورٹ قائم کرنے پر غور کر رہی ہے ۔اس ائرپورٹ کے ذریعہ فضائی ٹریفک میں آسانی ہوگی اور تجارتی مواقع بہتر ہونگے ۔ حیدرآباد انٹرنیشنل مشین ٹول اینڈ انجینئرنگ ایکسپو میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسٹر ریڈی نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی نے حیدرآباد میٹرو ریل کیلئے کچھ نئے پراجیکٹس کی تجویز بھی پیش کی ہے ۔ رائے درگ کو ائرپورٹ سے مربوط کرنے کی بھی تجویز ہے اور اس پر کام آئندہ مہینے سے شروع ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے اور تمام قومی شاہراہوں کو مربوط کرنے کیت علق سے بھی فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور حیدرآباد مرکزی علاقے ہیں اور ایسے میں انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے حکومت کی جانب سے ایک اور انٹرنیشنل ائرپورٹ قائم کرنے کی تجویز ہے ۔ ایک ائرپورٹ شمس آباد میں پہلے ہی کام کر رہا ہے ایسے میں دوسرا ائرپورٹ حیدرآباد کے شمالی حصہ میں قائم کرنے کی تجویز ہے ۔ اس کے نتیجہ میںٹریفک میں مزید بہتری آئے گی اور تجارتی مواقع بھی بہتر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دو آو ٹر رنگ روڈز ہیں جن سے نیشنل ہائی وے کو مربوط کیا جاتا ہے اور اس سے کنیا کماری کو کشمیر سے مربوط کیا جاتا ہے دوسری رنگ روڈ ناگپور کو بنگلورو سے مربوط کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور رنگ روڈ بھی تعمیر کی جا رہی ہے جو 30 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہوگی ۔ اس کیلئے حصول اراضیات کا کام بھی شروع ہوچکا ہے ۔ دوسرے انفرا اسٹرکچر کی منصوبہ بندی بھی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجیکٹس کے ساتھ تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین مقام بن جائے گا ۔ حال ہی میں فاکسکان کمپنی نے حیدرآباد میں 500 ملین ڈالرس کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے ۔