حیدرآباد،2 جولائی(سیاست نیوز) ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں شدیدبارش کے پیش نظر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والے تمام طیاروں کو منسوخ کردیاگیا ہے ۔ممبئی میں شدید بارش کے نتیجہ میں وہاں کے ایرپورٹ کو بندکردیاگیا جس پر تمام پروازوں کو عارضی طورپر منسوخ کردیاگیا۔شمس آباد ایرپورٹ کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ممبئی میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔قبل ازیں شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والی ڈومسٹک فلائٹس میں تاخیر ہوئی تھی کیونکہ پیر کی شب شدید بارش کے سبب اسپائس جیٹ کا طیارہ ممبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔اس سلسلہ میں مسافرین کے لئے ایرپورٹ حکام کی جانب سے اڈوائزری جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھاکہ تکنیکی مسائل کے سبب ممبئی جانے والے تمام طیاروں کی روانگی میں تاحکم ثانی تاخیر کا امکان ہے ۔