حیدرآباد کے صحافی سشیل راؤ کی ڈاکیومنٹری ایوارڈ کیلئے منتخب

   

انڈین ورلڈ فلم فیسٹول میںایوارڈ کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انڈین نیوی کی بہادری اور دلیرانہ کارروائیوں پر تیار کی گئی ڈاکیومنٹری ’’ہیرو آف دی سی‘‘ کو 8 ویں انڈین ورلڈ فلم فیسٹول 2024 میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ممتاز صحافی سی ایچ سشیل راؤ نے یہ ڈاکیومنٹری تیار کی ہے اور وہی پروڈیوسر اور ڈائرکٹر ہیں۔ حیدرآباد میں منعقدہ ورلڈ فلم فیسٹول نے جیوری کے ارکان نے ڈاکیومنٹری کو سراہتے ہوئے ایوارڈ کا مستحق قرار دیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں ہندوستانی کشتیوں پر سمندر میں لٹیروں کی جانب سے کئے گئے حملوں کو ناکام بنانے کیلئے انڈین نیوی نے جو دلیرانہ کارروائی کی ہے، اسے پیش کیا گیا۔ 2019 ء میں نائجیریا میں حملہ آوروں کی جانب سے انڈین نیوی کے پانچ جوانوں کو اغواء کرلیا گیا تھا اور 70 دن بعد رہائی عمل میں آئی۔ اغواء کے ایام میں بحریہ کے جوانوں کی بہادری کو ڈاکیومنٹری میں پیش کیا گیا۔ نوئیڈا کی ممبئی باکس آفس کی جانب سے منعقدہ فلم فیسٹول میں 200 سے زائد انٹریز داخل کی گئیں۔ ان میں سے 83 کا انتخاب عمل میں آیا ۔ انٹرنیشنل جیوری نے مختلف زمرہ جات سے انعامات کا تعین کیا جن میں فیچر فلمس ، فیچر ڈاکیومنٹریز ، شارٹ ڈاکیومنٹریز، اینیمیشن ، ڈاکیومنٹری اور میوزک ویڈیوز شامل ہیں۔ تمام زمرہ جات کے انعام یافتگان کو چیف ایڈوائزر ڈی سی سنگھ اور فلم ڈائرکٹر و فاؤنڈر منی باکس آفس رام بھوپال سنگھ نے مومنٹو اور سرٹیفکٹس پیش کیا۔ حیدرآباد میں 8 ویں مرتبہ فیسٹول کا انعقاد عمل میں آیا۔ ایوارڈ تقریب میں سشیل راؤ کو 12 ویں ممبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں حاصل کردہ انعام بھی پیش کیا گیا۔ یہ انعام ڈاکیومنٹری ’’آسکر چلاگاریکا‘‘ کیلئے دیا گیا تھا۔ سشیل راؤ کی شارٹ ڈاکیومنٹری کو نوئیڈا انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں بھی انعام سے نوازا گیا۔ 1