حیدرآباد کے طرز پر محبوب نگر کی ترقی کیلئے جہد مسلسل جاری

   

اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات، محبوب نگر میں بی آر ایس کا اجلاس، ریاستی وزراء ڈاکٹر سرینواس گوڑ ، محمد محمود علی کا خطاب

محبوب نگر /19 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر ایس ایم نکشن ہال میں بی آر ایس پارٹی قائد محمد حنیف احمد کی جانب سے منعقدہ سب ہی طبقات کے باہمی اجلاس کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں محمدمحمود علی ریاستی وزیر داخلہ ، ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ ریاستی وزیر برائے آبکاری ، کھیل کود وامور نو جوانان ،امتیاز اسحق صدر نشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن ،عبدالرحمن مزمل صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی ، محمد احمد ثناء صدر جامع مسجد کمیٹی ،محمد تقی حسین صدر انتظامی کمیٹی عیدگاہ وقف رحمانیہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر محبوب نگر کی ترقی اور ضلع میں دیگر طبقات کے مماثل اقلیتوں کی ترقی کیلئے ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ کی خدمات کی ستائش کی انہوں نے ریاستی سطح پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی کیلئے تلنگانہ حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ جس تیزی کے ساتھ تلنگانہ ترقی کر رہا ہے اس کا سہرہ چیف منسٹر کے سی آر کے سر جاتا ہے وزیر داخلہ نے محبوب نگر کی عوام سے اپیل کی کہ سرینواس گوڑ جوکہ ایک عوامی قائد ہیں ان کے ہاتھ مضبوط کریں اور آئندہ انتخابات میں انہیں دوبارہ کامیاب بنائیں وزیر داخلہ محمد محمودعلی نے محمد حنیف احمد کی تحریک تلنگانہ میں اورٹی آر ایس پارٹی کیلئے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ۔حنیف احمد کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ ریاستی وزیر برائے آبکاری کھیل امور نوجوانان سیاحت و ثقافت نے کہا کہ عوام ایک بار 2014 سے قبل کے حالات اور 2104 کے بعد تلنگانہ حکومت کے قیام اور ہمارے انتخاب کے بعد محبوب نگر کی ترقی کا جا ئزہ لیں اور جس طریقہ سے محبوب نگر شہر کی ترقی کے ساتھ ساتھ دیگر طبقات اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کا کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مسلمانوں کو سیاسی عہدوں پر نمایندگی کو یقینی بنانے کیلئے ہم نے چیف منسٹر کے سی آر ،کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی آر کو مناتے ہوئے اور وزیر داخلہ محمود علی سے مشاورت کرتے ہوئے اہم سیاسی عہدوں چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن ، چیرمین ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو اربن بنک ، اور صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی کے عہدوں پر محبوب نگر کے مسلم قایدین کو نامزد کیا گیا۔ اس طرح مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ محبوب نگر کی دینی عبادتگاہوں، درسگاہوں ،درگاہوں کی ترقی کیلئے کام کیا گیا 50لاکھ کی لاگت سے حج ہاوز کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ آج محبوب نگر میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کیلئے سو کروڑ کی لاگت سے کیمپس کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اور اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے شہر میں چھ اقامتی اسکول اور چھ اقامتی جونیر کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیر موصوف نے محبوب نگر کی ہمہ جہد ترقی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محبوب نگر ہر سطح پر ترقی کو یقینی بناتے ہوئے حیدرآباد کے طرز پر کیلئے جہد مسلسل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے آخر میں پارٹی قائدین کو باہمی اتحاد کے زریعہ کام کرنے کا مشورہ دیا ۔اس تقریب کو امتیاز اسحق صدر میناریٹی فینانس کارپوریشن ،عبدالرحمن مزمل صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی محمد۔حنیف احمد قاید بی آر ایس پارٹی نے بھی مخاطب کیا. اس پروگرام میں بڑی تعداد میں دیگر پارٹیوں کے ہندو مسلم قایدین نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر دیگر قایدین محمد مقبول ، محمد محسن خان ، حافظ ادریس سراجی سیکریٹری عیدگاہ کمیٹی ،سید نورالحسین نائب صدر عیدگاہ کمیٹی ، محمد صمد خان نائب صدر جامعہ مسجد، محمد اقبال محمد واحد تاج ، محمد مسعود ،محمد محسن سمکو، ریاض الدین امجد نمایندہ کونسلر، محمد اظہر ،محمد معراج، حامد شیخ و دیگر موجود تھے۔