مائیگرنٹ ورکرس کے ذریعہ کورونا کی منتقلی،سرحدی مقامات پر خصوصی اسکریننگ کا انتظام
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں جہاں ایک مرحلہ پر گریٹر حیدرآباد کو چھوڑ کر ریاست کے تمام اضلاع کورونا سے پاک قرار دیئے گئے تھے لیکن مائیگرنٹ ورکرس کے سبب حیدرآباد کے بشمول کئی اضلاع میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اضلاع میں کورونا کیسس میں اضافہ نے حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے مرحلہ سے قبل تمام اضلاع میں کورونا کیسس پر قابو پالیا گیا تھا لیکن جیسے ہی مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کی آغاز ہوا تقریباً 6 سے زائد اضلاع میں کورونا پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ یہ اضلاع بھونگیر، جگتیال، منچریال، نلگنڈہ، نظام آباد، کھمم ، جنگاؤں شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھونگیر ، جگتیال اور منچریال کورونا کیسس کے سلسلہ میں ہاٹ اسپاٹ تصور کئے جارہے ہیں۔ ان تین اضلاع میں مائیگرنٹ ورکرس میں 135 کورونا پازیٹیو کیسس پائے گئے۔ نلگنڈہ، سرسلہ، محبوب آباد، نرمل ، نظام آباد، کریم نگر اور جنگاؤں میں بھی بڑے پیمانے پر مائیگرنٹ ورکرس مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں سے واپس ہوئے ہیں جن کی صحت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ یادادری، جگتیال اور منچریال کی آبادی فی کس 8تا 10 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور گزشتہ دس دنوں میں مائیگرنٹ ورکرس میں پازیٹیو کیسس کی اطلاع ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹرا میں دھاراوی اور باندرہ علاقوں سے واپس ہونے والے مائیگرنٹ ورکرس میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ بھونگیر کے آتما کور، نارائن پور، ویلگونڈہ منڈلوں میں کورونا پازیٹیو کیسس کی اطلاع ملی ہے۔ جگتیال میں 30 مائیگرنٹ ورکرس میں کورونا کے اثرات پائے گئے۔ اسی دوران وقار آباد اور جنگاؤں میں کورونا کے نئے کیسس نے حکام کو چوکس کردیا ہے۔ وقارآباد کے دھارور منڈل میں 40 سالہ نرسمہلو میں کورونا کے اثرات پائے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کینسر کے علاج کے سلسلہ میں ہاسپٹل جانے کے بعد وہ کورونا کا شکار ہوگیا۔ اسی دوران جنگاؤں کے پالا کورتی میں مہاراشٹرا سے واپس ہونے والے ایک باپ اور بیٹی میں کورونا پازیٹیو علامتیں پائی گئیں جس کے بعد سارے منڈل میں سنسنی دوڑ گئی۔ حکام نے اُن سے ربط میں آنے والے افراد کو مکانات میں کورنٹائن کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں دیگر ریاستوں سے آنے والے 4 مائیگرنٹ ورکرس میں کورونا کے اثرات پائے گئے۔ ایک ہی دن میں کورونا کے 4 کیسس منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔