تائیوان کی کمپنی سے اشتراک، 300 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق
حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے فیوچر سٹی پراجکٹ کے تحت الیکٹرانک سٹی (ای سٹی) کے قیام کا اعلان کیا۔ سریدھر بابو نے تائیوان کی مشہور کمپنی سیرا نیٹ ورک اور تلنگانہ کے ایل سی جی سی ریزیولیوٹ گروپ کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر پراجکٹ میں 300 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ سریدھر بابو نے ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترقی کے لئے حکومت اقدمات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کو حکومت کی جانب سے مختلف مراعات دی جائیں گی اور ضروری منظوریوں کے لئے سنگل ونڈو سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے سرمایہ کاری کے ذریعہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سریدھر بابو کے مطابق 10 ایکڑ اراضی پر صنعتوں کے قیام سے 2500 پروفیشنلس کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرمایہ کاری سے ہندوستان اور تائیوان کے رشتوں میں استحکام حاصل ہوگا۔ اس موقع پر تلنگانہ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مدھوسدھن، ٹی فائبر کے مینیجنگ ڈائرکٹر وینو پرساد تائیوان کی کمپنی کے نمائندے چوان جوائے بھٹاچاریہ، رویندر سنگھ اور دوسرے موجود تھے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی جو حیدرآباد کے اطراف ایک ترقی یافتہ شہر کے طور پر قائم کی جارہی ہے اس میں الیکٹرانک سٹی ایک ہزار ایکڑ پر محیط رہے گی۔ سریدھر بابو نے مختلف عالمی اداروں کی جانب سے تلنگانہ حکومت کے ساتھ کئے گئے سرمایہ کاری کے معاہدات کی تفصیلات پیش کیں۔ 1