حیدرآباد کے مشرقی حصے میں آئی ٹی کی تیزی سے توسیع

,

   

نائیٹ فرنیک آفس کے افتتاح کے بعد کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے مشرقی حصے میں آئی ٹی کو توسیع دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس علاقے میں ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے حیدرآباد میں نائیٹ فرنیک کے آفس کا افتتاح کیا اور نائیٹ فرنیک حیدرآباد اسپیشل رپورٹ کی اجرائی بھی عمل میں لائی ۔ اس تقریب میں پرنسپل سکریٹری محکمہ آئی ٹی جیش رنجن کے ساتھ نائیٹ فرنیک انڈیا لیڈر شپ کا عملہ بھی موجود تھا ۔ خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سروے میں نائیٹ فرنیک انڈیا کا اپنا ایک علحدہ مقام اور پہچان ہے ۔ امیزان ، گوگل جیسی عالمی اداروں کے حیدرآباد میں اپنے آفسیس ہیں ۔ حیدرآباد میں اراضیات اور مکانات کی قیمتیں کنٹرول میں ہے ۔ نئی ریاست ترقی کے معاملے میں تیزی سے گامزن ہے ۔ تعلیم ، طب کے شعبوں میں بین الاقوامی معیار کو پورا کیا جارہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں صحت کی دیکھ بھال ، طب اور تعلیم کے بہت سارے مواقع موجود ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دوسری ریاستوں کے بہ نسبت تلنگانہ میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے معاملے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ حیدرآباد عالمی سطح پر ویکسین کے دارالحکومت اور بلک ڈرگس پروڈکشن میں بھی سرفہرست ہے ۔کورونا کے ویکسین کی تیاری میں حیدرآباد ساری دنیا میں نمبر ون مقام حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا ویکسین حیدرآباد سے ہی جاری ہونے کا امکان ہے ۔ ریاستی کابینہ نے انٹگریٹیڈ ٹاون شپ پالیسی کو منظوری دی ہے ۔ حیدرآباد عظیم ترین شہر میں تبدیل ہورہا ہے ۔ بڑی تیزی سے حیدرآباد شہر کی توسیع ہورہی ہے ۔ اوٹر رنگ روڈ کے اطراف سٹلائیٹ ٹاون شپ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ریاست میں ابھی تک کئی نئی پالیسیوں کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروگرامس کا آغاز کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں بارش اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے نالوں کو توسیع اور ترقی دی جارہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے 6 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی ہونے کا دعویٰ کیا ۔ نائیٹ فرنیک کے سی ایم ڈی شیشر بیجل نے کہا کہ شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ نئی ریاست ہونے کے باوجود انفراسٹرکچر کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی ناقابل فراموش ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی نئی پالیسیاں ترقی کے لیے معاون و مددگار ثابت ہورہی ہے ۔ حیدرآباد میں ہائی ٹیک سٹی ، ایرو اسپیس کے علاوہ دوسرے شعبہ تیزی سے ترقی کررہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ شعبہ زور پکڑرہا ہے ۔ شیشر بیجل نے کہا کہ حیدرآباد میں صارفین کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے ۔ مستقبل میں شہر حیدرآباد رئیل اسٹیٹ شعبہ میں مزید ترقی کرے گا ۔۔