حیدرآباد کے مضافات میں گیاس پر مبنی 400 کے وی سب اسٹیشن کا قیام

   

شہر کو 2000 میگا واٹ کی سربراہی، 1400 کروڑ کا خرچ، وزیر برقی جگدیش ریڈی نے معائنہ کیا
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے رائے درگ کے علاقہ میں گیاس پر مبنی 400 کے وی سب اسٹیشن کے قیام کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ٹرانسکو اور جینکو کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ اور تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر رگھوما ریڈی کے ہمراہ وزیر برقی نے برقی پلانٹ کے احاطہ میں شجرکاری انجام دی۔ اس موقع پر وزیر برقی نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ رائے درگ میں 400 کے وی سب اسٹیشن قائم کیا جارہا ہے اور یہ گیاس پر مبنی پہلا سب اسٹیشن ہوگا۔ حیدرآباد شہر تیزی سے ترقی کررہا ہے اور شہر میں وسعت پیدا ہورہی ہے۔ شہر کی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے حکومت نے گیاس انسولیٹیڈ سب اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کیلئے آئندہ 30 تا 40 برسوں تک برقی ضرورت کی تکمیل کے مقصد سے برقی پلانٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے قیام کے بعد سے حیدرآباد میں برقی کی سربراہی کے موقف میں بہتری آئے گی اور ایک منٹ کیلئے بھی برقی منقطع نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے اطراف 400 کے وی سب اسٹیشن، 220 کے وی ، 133 کے وی اور 33 کے وی سب اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی علاقہ میں 4 سب اسٹیشنوں کا قیام منفرد اقدام ہے۔ چاروں سب اسٹیشنوں کے قیام کیلئے 100 ایکر اراضی کی ضرورت ہے لیکن 5 ایکر اراضی کا انتظام کیا گیا ۔ گیاس انسولٹیڈ سب اسٹیشن کیلئے 3 کیلو میٹر تک انڈر گراؤنڈ کیبل بچھانے کا کام انجام دیا گیا۔ تلنگانہ ٹرانسکو کی نگرانی میں پلانٹ کے قیام کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود یہ کام تیزی سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر برقی کے مطابق اس سب اسٹیشن سے حیدرآباد کو اضافی طور پر 2000 میگا واٹ برقی سربراہ کی جاسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گیاس انسولیٹیڈ سب اسٹیشن پر 1400 کروڑ کا خرچ آیا ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عنقریب اس کا افتتاح انجام دیں گے۔ ر