حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی حیدرآباد و سکندرآباد میں گرمی میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ رات اور صبح کے اوقات سردی برقرار ہے تاہم دن کے اوقات میں گذشتہ 2 دنوں سے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس برس موسم گرما کے شدید ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ فروری کے آخری ہفتے میں درجہ حرارت زیادہ ریکارڈ کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ ایک ہفتہ قبل ہی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ فروری کے دوسرے ہفتے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بہادر پورہ میں ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ 22.7 ڈگری رہا ۔ اس کے بعد آصف نگر میں 22.6 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جبکہ شاہ پور میں 22.0 اور بالا نگر میں بھی 22.0 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہر گذرتے برس کے ساتھ موسم گرما کی آمد میں چند ایک دنوں کی تبدیلی ہوتی ہے اور اس مرتبہ موسم گرما اپنے شیڈول سے چند دن قبل ہی آچکا ہے ۔ مارچ کے مہینے میں درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوگا تاہم رات اور دن کے اوقات میں جو گرمی ہوگی اس درجہ حرارت میں کچھ زیادہ تبدیلی نہیں ہوگی ۔ تاہم ماہ اپریل میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں واضح فرق ممکن ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے موسم کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب درجہ حرارت 30 ڈگری سے زیادہ ہی رہے گا ۔ جب کہ جمعہ کو گرج کے ساتھ بارش کے امکانات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔۔