ماں باپ کی فرمانبرداری اور دعائیں کامیابی کی ضامن
ڈاکٹر کلیم احمد جلیلی اور انجم فاطمہ کے ہونہار فرزند کی سیاست سے بات چیت
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) زندگی میں اگر کامیابی و کامرانی چاہتے ہوں تو والدین کی دعائیں لیجئے کیونکہ والدین کی دعاؤں کے نتیجہ میں ہی اللہ عزوجل انسان کو ہر شعبہ حیات میں کامیابی سے نوازتے ہیں، ترقی عطا فرماتے ہیں، ملک و ملت کیلئے باعث افتخار بناتے ہیں۔ اس لئے طلباء و طالبات کو چاہئے کہ ہرحال میں انہیں راضی رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار NEET-PG میں قومی سطح پر 2 84 رینک حاصل کرنے والے ڈاکٹر ذیشان احمد جلیلی نے نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذیشان خانوادہ استاد سخن حضرت فصاحت جنگ جلیل (جلیل مانکپوری) سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر کلیم احمد جلیلی ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ آف فزکس نظام کالج عثمانیہ یونیورسٹی اور محترمہ انجم فاطمہ گورنمنٹ ٹیچر بائیولوجی کے چھوٹے فرزند ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ذیشان احمد جلیلی نے بتایا کہ وہ گزشتہ ماہ سے NEET-PG کی تیاری کررہے تھے اور ہر روز 8 تا 10 گھنٹے پڑھائی میں مصروف رہتے۔ ایک طرف پوری تندہی سے پڑھائی اور دوسری طرف والدین کی دعاؤں نے اپنا کام کیا اور 2,08,898 امیدواروں میں انہیں 284 واں رینک حاصل ہوا۔ ہمارے اندازہ کے مطابق ساری ریاست تلنگانہ میں ان کا رینک 10 کے آس پاس ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ منگل کو ہی N EET-PG کے نتائج جاری کئے گئے ہیں جس کا ملک کے 227 شہروں میں قائم کردہ 902 مراکز میں 5 مارچ کو انعقاد عمل میں آیا تھا۔ آپ کو یہ بھی بتانا ضروری ہوگا کہ عثمانیہ میڈیکل کالج سے جن تین طلباء نے N EET-PG میں کامیابی حاصل کی ان میں 284 رینک کے ساتھ ڈاکٹر ذیشان احمد جلیلی سرفہرست ہیں جبکہ ڈاکٹر اشریتا کو 2 91 واں آل انڈیا رینک حاصل ہوا۔ اسی طرح ڈاکٹر ہارون محمد نے جن کی انٹرن شپ جاری ہے آل انڈیا رینک 4 69 حاصل کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ ڈاکٹر ذیشان احمد جلیلی نے مزید بتایا کہ وہ ریڈیالوجی ایم ڈی کرنے کے خواہاں ہیں اور امید ہیکہ ریڈیالوجی میں ہی انہیں سیٹ مل جائے گی جبکہ دوسرا آپشن پیڈیاٹرک ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ ایم بی بی ایس میں داخلہ کیلئے انہیں ایک ہی وقت میں تین مرتبہ ایمسیٹ لکھنا پڑا۔ پہلی مرتبہ انہوں نے ساری ریاست میں چوتھا مقام حاصل کیا۔ دوسری مرتبہ 35 واں اور تیسری مرتبہ چوتھے مقام کے حصول میں کامیاب رہے اور عثمانیہ میڈیکل کالج میں سال 2016 میں انہیں ایم بی بی ایس نشست حاصل ہوئی۔ ڈاکٹر ذیشان احمد جلیلی کی بڑی بہن ڈاکٹر ماریہ کلیم بھی ایم ڈی ہیں جبکہ بڑے بھائی ہارون احمد جلیل مکانیکل انجینئر امریکہ میں مقیم ہیں۔ ڈاکٹر ذیشان احمد نے مئی 2022 میں بھی NEET-PG لکھا تھا اور اس وقت قومی سطح پر ان کا رینک 5 5 ہزار تھا لیکن انتھک محنت، ماں باپ کی دعاؤں اور اللہ عزوجل کی مہربانی سے اس مرتبہ انہیں 284 واں رینک حاصل ہوا۔ آپ کو یہ بھی بتانا ضروری ہیکہ ڈاکٹر کلیم احمد جلیلی سیاست کے نیٹ کلاسیس میں اپنی خدمات پیش کرتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ذیشان نے نوجوان طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ نمازوں کی پابندی کریں، ماں باپ کی فرمانبرداری کریں اور محنت کریں پھر دیکھیں کامیابی آپ کے قدم چھومے گی۔