حیدرآباد23نومبر ( یواین آئی ) شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں جمعرات کی صبح اچانک بارش ہوگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔پرانا شہر کے تمام علاقوں کے ساتھ ساتھ نئے شہر کے علاقوں کرمن گھاٹ، چمپاپیٹ،اُپل،تارناکہ،جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز ، امیرپیٹ، فلم نگر، کرشنانگر، ایس آرنگر و دیگر علاقوں میں بارش ہوئی جس سے بعض سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے سبب اسکولس جانے والے بچوں اور دفاتر کو جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔بعد ازاں دوپہر اور شام کے بعد بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی مقامات پر آئندہ تین دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے ۔