300 کروڑ کی سرمایہ کاری ، تلنگانہ میں دیگر پراجکٹس میں 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری اعلان
حیدرآباد ۔14۔ جولائی (سیاست نیوز) دنیا کے کئی ممالک میں تجارتی سرگرمیوں کے لئے مشہور لولو گروپ عنقریب حیدرآباد میں شاپنگ مال کے قیام کے ذریعہ سرگرمیوں کا آغاز کرے گا۔ گروپ کے سربراہ میر یوسف علی جن کا تعلق کیرالا سے ہے ، حال ہی میں تلنگانہ حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں آئندہ ماہ شاپنگ مال کے قیام کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں ریٹیل مارکٹ میں اہم اور نمایاں تبدیلی واقع ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی کے علاقہ میں مال قائم کیا جائے گا جو ہندوستان کا سب سے بڑا شاپنگ مال ہوگا جو 5 لاکھ مربع میٹر احاطہ پر محیط ہوگا۔ لولو گروپ نے شاپنگ مال کیلئے 300 کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔ کوکٹ پلی میں سابقہ منجیرا مال کو لولو گروپ نے حاصل کرلیا ہے اور کئی تبدیلیوں کے ساتھ شاپنگ مال کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ شاپنگ مال میں گاہکوں کیلئے کئی سہولتیں اور مراعات دی جائیں گی۔ ہندوستان اور بیرونی ممالک کے پراڈکٹس عوام کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ لولو مال میں سینما ہال ، فوڈ کورٹ اور دیگر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ حیدرآباد کے تجارتی میدان میں لولو گروپ کے داخلہ سے شاپنگ مالس کے درمیان مسابقت کا آغاز ہوگا۔ امید کی جارہی ہے کہ لولو مال دیگر مالس کے مقابلہ رعایتی شرحوں پر گاہکوں کو معیاری اشیاء فراہم کرے گا۔ کوکٹ پلی میں قائم ہونے والا شاپنگ مال لولو گروپ کا ملک میں پانچواں شاپنگ مال ہے۔ کوچی ، بنگلور، ترواننتاپورم اور لکھنو میں لولو گروپ کے شاپنگ مالس کامیابی سے تجارت کر رہے ہیں۔ احمد آباد اور چینائی میں بھی شاپنگ مالس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ لولو گروپ کی سرگرمیوں سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوسکتا ہے۔ یوسف علی نے 2000 ء میں یہ گروپ قائم کیا تھا جس کے اداروں کے تحت مختلف ممالک میں ملازمین کی تعداد 57000 سے زائد ہے۔ گروپ نے تلنگانہ میں آئندہ 5 برسوں میں 3500 کرروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ چنگی چرلہ میں میٹ اکسپورٹ یونٹ قائم کیا جائے گا جس کے لئے حکومت نے اراضی مختص کی ہے۔ر