حیدرآباد،31جولائی(یواین آئی) میٹرو مسافرین کو راحت کے ایک قدم کے طورپر حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی میٹرو اسٹیشن پر ٹرین ریورسل سسٹم کی تکمیل ہوگئی ہے جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیاجارہا تھا۔اس سے ناگول۔امیرپیٹ۔ہائی ٹیک سٹی راہدرای پر ٹرینوں کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور ہائی ٹیک سٹی، مادھاپور اور دُرگم چیرو جیسے اسٹیشنوں پر مصروف ترین اوقات میں ہجوم کو کم کیاجاسکے گا۔حیدرآباد میٹرو میں روزانہ تقریبا 2.6تا2.8لاکھ مسافرین سفر کرتے ہیں۔ہائی ٹیک سٹی اسٹیشن پر مسافرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔اس ریورسل سہولت کی ہائی ٹیک سٹی اسٹیشن میں تکمیل ہوگئی ہے اور توقع ہے کہ اس کو کمشنر میٹرو سیفٹی سے جلد ہی منظوری مل جائے گی۔اس منظوری کے بعد جوبلی ہلز چیک پوسٹ تا ہائی ٹیک سٹی اسٹیشنوں کے درمیان معمول کی ٹرین سرگرمیوں کا آغاز کردیاجائے گا۔بعد ازاں رفتار اور ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ تمام سکشنس پرکیاجائے گا۔مسافرین نے کم رفتار اور ہجوم سے نمٹنے میں نامناسب انتظامات کی بھی شکایت کی ہے ، اسی کے پیش نظر ٹرینوں کی رفتار میں بھی اضافہ کیاجائے گا۔
