حیدرآباد کے 5 بلدی ڈیویژنوں میں 6 گھنٹوں تک محمد علی شبیر کی انتخابی مہم

   

عوام میں غیر معمولی جوش و خروش، پرانے شہر میں کانگریس کے حق میں تبدیلی حوصلہ افزاء

حیدرآباد۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آج گریٹر حیدرآباد کے 5 بلدی ڈیویژنس میں 6 گھنٹوں سے زائد مسلسل روڈ شو اور پدیاترا کے ذریعہ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ محمد علی شبیر نے سنتوش نگر، للیتا باغ، موسیٰ رام باغ، اکبر باغ اور موسیٰ پیٹ بلدی ڈیویژنوں میں کانگریس امیدواروں کے ساتھ روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم کو نقطہ عروج پر پہنچادیا۔ یہ حلقہ جات اگرچہ پرانے شہر اور نئے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں ہیں لیکن ہر ڈیویژن میں کانگریس امیدواروں کو غیر معمولی تائید دیکھی گئی۔ عوام نے بڑی تعداد میں روڈ شو میں حصہ لیا اور جگہ جگہ محمد علی شبیر کی گلپوشی کرتے ہوئے کانگریس کی تائید کا یقین دلایا۔ حیدرآباد میں گذشتہ چار دنوں میں کانگریس کی انتخابی مہم کو عوام کی زبردست تائید حاصل ہوئی ہے۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کانگریس کا ایجنڈہ ہے۔ 10 برسوں کے اقتدار میں کانگریس نے حیدرآباد میں کئی ترقیاتی پراجکٹس شروع کئے تھے جبکہ ٹی آر ایس نے گذشتہ 6 برسوں میں شہر کی ترقی کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام 50 برسوں سے مجلس کو ووٹ دے رہے ہیں لیکن آج بھی پرانا شہر معاشی اور تعلیمی طور پر پسماندہ ہے۔ پرانے شہرکی پسماندگی اور عوام کی غربت کیلئے مجلسی قیادت ذمہ دار ہے۔ دیگر ریاستوں میں مقابلہ کرتے ہوئے پرانے شہر کے بارے میں بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں جبکہ حقیقت دعوؤں کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی قیادت عوام کو ہمیشہ پسماندہ رکھتے ہوئے سیاست کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جذباتی سیاست سے اُبھر کر ترقی کی ضامن کانگریس پارٹی کی تائید کریں جس نے 4 فیصد تحفظات کے ذریعہ تعلیم اور روزگار میں لاکھوں خاندانوں کو فائدہ پہنچایا تھا۔