حیدرآباد گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے جملہ 179 امیدوار

   

ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی میں اہم مقابلہ، تلگو دیشم بھی میدان میں
حیدرآباد: حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے جملہ 179 امیدوار میدان میں ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن 110 امیدواروں نے پرچہ جات داخل کئے ہیں۔ تلگو دیشم کے تلنگانہ صدر ایل رمنا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا جبکہ میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے ٹی آر ایس امیدوار ایس وانی دیوی کی جانب سے پرچہ نامزدگی کا دوسرا سیٹ داخل کیا۔ جمعہ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر حلقہ کے تحت 517883 رائے دہندے درج کئے گئے۔ گزشتہ انتخابات میں رائے دہندوں کی تعداد 2.3 لاکھ تھی ۔ جاریہ سال فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے دوران کافی حوصلہ افزاء رد عمل دیکھا گیا۔ رنگا ریڈی ضلع سے 88358 ، ملکاجگری ضلع سے 77349 اور حیدرآباد سے 64224 افراد نے فہرست رائے دہندگان میں اپنا نام درج کرایا ۔ اس حلقہ کے تحت جملہ 9 اضلاع ہیں جن میں محبوب نگر ، ناگر کرنول ، ونپرتی ، گدوال ، نارائن ، رنگا ریڈی ، وقار آباد ، میڑچل اور حیدرآباد شامل ہیں۔ بی جے پی کے این رام چندر راؤ اس حلقہ سے دوسری مرتبہ انتخاب کے لئے میدان میں ہیں۔ کانگریس نے ڈاکٹر چنا ریڈی اور ٹی آر ایس نے وانی دیوی کو امیدوار بنایا ہے ۔ آزاد امیدوار کے طور پر پروفیسر ناگیشور راؤ انتخابی میدان میں ہیں۔