حیدرآباد ہائی کورٹ میں جذباتی مناظر اے پی کے وکلاء کو وداع کیا گیا

   

حیدرآباد ۔31۔ دسمبر (یو این آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مشترکہ حیدرآباد ہائی کورٹ میں آج اُس وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے جب آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے وکلاء امراوتی کے لئے روانہ ہوگئے ۔ یکم جنوری سے دونوں تلگو ریاستوں کے لئے علحدہ علحدہ ہائی کورٹس کام کرنا شروع کردیں گے ۔ کئی بسوں میں حیدرآباد سے اے پی کے وکلاء’ ملازمین امراوتی روانہ ہوئے جن کو تلنگانہ کے وکلاء اور ہائی کورٹ کے ملازمین نے جذباتی طور پر وداع کیا۔ اس موقع پر کئی اے پی کے وکلاء تلنگانہ کے وکلاء سے گلے مل کر اشکبار ہوگئے ۔ اس موقع پر کافی جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ منگل کو 8:30 بجے صبح تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رادھا کرشنا حلف لیں گے جبکہ 11:30 بجے دن اے پی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پراوین کمار وجئے واڑہ کے اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں اپنے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ حال ہی میں صدرجمہوریہ نے دونوں ریاستوں کے لئے علحدہ علحدہ ہائی کورٹس کے قیام کے احکامات جاری کئے تھے۔