حیدرآباد ۔ ممبئی بلٹ ٹرین کے پلان میں تبدیلی

   

ظہیرآباد کے بجائے۔ تانڈور۔ وقارآباد سے ریلوے لائن تعمیر کرنے پر 70 کیلو میٹر فاصلے کی کمی
حیدرآباد : ممبئی کے درمیان ہائی اسپیڈ کاریڈار بلٹ ریل پراجکٹ کے فاصلے اور اخراجات میں کمی کرنے کیلئے پلان میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپئے کے مصارف سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) کے تحت یہ پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ پہلے اعلان کردہ پراجکٹ کے مطابق ممبئی، پونے، ظہیرآباد سے حیدرآباد تک 780 کیلو میٹر خصوصی ریلوے لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اب پلان میں تبدیلی کرتے ہوئے ظہیرآباد کے بجائے ممبئی۔ پونے۔ گلبرگہ۔ تانڈور۔ وقارآباد سے حیدرآباد تک ریلوے لائن تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ نئے الاٹمنٹ سے 70کیلو میٹر کا فاصلہ کم ہوگا۔ ظہیرآباد سے ریلوے لائن بچھانے پر پہاڑ اور چٹانوں پر تعمیرات کرنا پڑے گا جس سے اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس مقام پر اراضیات کی قیمتیں زیادہ ہونے کی بھی رائے ظاہر کی جارہی ہے۔ ظہیرآباد کے بجائے تانڈور۔ وقارآباد سے ریلوے لائن تعمیر کرنے پر فاصلہ کم ہوگا۔ تعمیری اخراجات کم ہوں گے۔ حصول اراضیات میں آسانی ہونے اور مصارف گھٹ جانے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ ہائی اسپیڈ ریل کاریڈار کی تعمیری کام تیزی سے جاری ہیں۔ تانڈور ۔ وقارآباد سے ریلوے لائن تعمیر کرنے کیلئے تازہ ایریل سروے جاری ہے۔ گوگل میاپنگ کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ جن مقامات پر گوگل میاپنگ کا کام جاری ہے وہاں ہر دس کیلو میٹر پر ایک پلر تعمیر کیا جارہا ہے۔ ان پلر کی بنیاد پر ایک اور ایریل سروے کیا جائے گا۔ عصری تکنیکی ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایریل لیزر سروے کیا جارہا ہے۔ اسکو لیڈر (لائیٹ ڈیٹکشن اینڈ ریٹرنگ) سروے بھی کہا جاتا ہے۔ اس کیلئے ہائی پاور 100 میگاپکسل کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔