ایل بی نگر تا دنڈو ملکاپور سڑک توسیع کی راہ ہموار ،آئندہ ماہ ٹنڈرس کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد۔ وجئے واڑہ کی راہداری پر ایل بی نگر تان دنڈو ملکاپور تک سڑک توسیع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ 24 کیلو میٹر تک چھ لین سڑک تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سرویس روڈ ہر طرف تین قطاروں میں تعمیر کی جائیں گی۔ عہدیداروں کی جانب سے آئندہ ماہ اپریل میں ٹنڈرس کو قطعیت دی جائے گی۔ اس قومی شاہراہ پر ٹریفک کے بہت زیادہ مسائل ہیں جس سے گاڑی چلانے والوں کو کافی دشواریوں اور مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ سال ہی اس قومی شاہراہ کو توسیع دینے کی منظوری دی ہے۔ سڑک توسیع کا منصوبہ تیار کرنے والے عہدیداروں نے ٹنڈرس طلب کیا ہے۔ 10 اداروں نے ٹنڈرس داخل کیا ہے۔ تکنیکی طور پر 8 ٹنڈرس کو کوالیفائی قرار دیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے اس کی تفصیلات مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کو روانہ کی ہے۔ بہت جلد اس منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس سڑک کی توسیع کے بعد بڑی حد تک ٹریفک مسائل حل ہوں گے۔ ایل بی نگر تا دنڈو ملکاپور تک سڑک توسیع کرنے کے حصہ کے طور پر اس علاقہ میں 8 فلائی اوورس تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ فلائی اوورس پر 6 قطاروں پر مشتمل سڑک تعمیر کی جائے گی۔ یہ فلائی اوورس ونستھلی پورم کے قریب پناما گودام، حیات نگر کے قریب بسوممولا پیدا عنبرپیٹ کے دو مقامات عبداللہ پور میٹ کے قریب دو، ایک گھٹکیسر کی طرف دوسرا اناچ پور کی طرف اس کے علاوہ انعام گوڑہ باٹا سنگارم علاقوں میں فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں کو امید ہیکہ تعمیری کاموں کا جلد از جلد آغاز ہوجائے گا کیونکہ سڑک توسیع کیلئے درکار اراضی کا حصول کا عمل پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے۔ ٹنڈرس کو قطعیت دینے کے بعد اندرون 2 سال تعمیری کام مکمل کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے۔ن