حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال

   

ٹریک کی مرمت مکمل ، پٹریوں پر تجرباتی ٹرین کے بعد اظہار اطمینان ، ایس سی آر
حیدرآباد۔4 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) سیلاب سے متاثر ہونے والے ریلوے ٹریک کی مرمت کے بعد ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان ٹرین خدمات کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد۔وجئے واڑہ روٹ پر اب کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت آج سے شروع کردی گئی ہے۔ گذشتہ دنوں سیلاب کے دوران حیدرآباد۔وجئے واڑہ ریلوے لائن پر محبوب آباد میں ریلوے ٹریک کو ہونے والے نقصانات کے نتیجہ میں کئی ٹرین منسوخ کردی گئی تھیں اورمحبوب آباد ریلوے ٹریک پر مرمت کے کام جاری تھے جو کہ گذشتہ شب مکمل کرلئے جانے کے بعد آج ساؤتھ سنٹر ریلوے حکام کی موجودگی میں مرمت کردہ پٹریوں پر تجرباتی ٹرین چلائی گئی ۔ عہدیداروں کے مطابق تجرباتی ٹرین چلانے کے بعد ہی آج شام سے حیدرآباد۔ وجئے واڑہ کے درمیان چلائی جانے والی ٹرینوں کے احیاء کا فیصلہ کیاگیا ہے اور محبوب آباد میں جہاں پٹریوں کی مرمت کی گئی ہے اس جگہ پر ٹرین کی رفتار کم رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق وجئے واڑہ سے براہ گنٹور ۔ ورنگل گولکنڈہ ایکسپریس حیدرآباد کے لئے تجرباتی ٹرین کے طور پرروانہ کی گئی ہے اور اس تجربہ کے کامیاب ہونے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ حیدرآباد۔وجئے واڑہ جانے والی گولکنڈہ ایکسپریس براہ ورنگل ۔گنٹور معمول کے مطابق چلائی جائے گی۔3