حیدرآباد:چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی

   

حیدرآباد2 فروری(یواین آئی)شہرحیدرآباد کے علاقہ جوبلی ہلز میں چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی۔اس واقعہ کے نتیجہ میں انجن سمیت کار کے سامنے کا حصہ جل کر خاکستر ہوگیا۔کار سے آگ اور کثیف دھویں کو نکلتا دیکھ کر کار کے ڈرائیور اور کار میں سوار دوسرے شخص نے فوری چوکسی کا مظاہرہ کیا اور کارکو سڑک کے کنارے روکنے میں کامیابی حاصل کی اور اس سے نکل گئے ۔اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پرقابو پایا۔پولیس نے بتایاکہ کار میں سوار افراد اپُل سے گچی باولی علاقہ کی سمت جارہے تھے۔پولیس نے کہا کہ کار میں سوار افراد کی شناخت سریدھر اور لکشت کے طورپر کی گئی ہے جو اس واقعہ میں محفوظ رہے ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی راہگیروں کی بڑی تعداد سڑک پر جمع ہوگئی۔بعض افراد نے کار کے جلنے کا منظر اپنے سل فونس کے کیمروں میں قید کرتے ہوئے سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل کردیا۔