حیدرآباد۔ حیدرآباد کو دنیا کے درختوں کے شہر کے طورپرتسلیم کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد ، دنیا کا واحد شہر ہے جس کو اس فہرست میں شامل کیاگیا ہے ۔ریاستی وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے جو سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم رہتے ہیں نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں یہ اطلاع دی۔انہوں نے کہاکہ اربورڈے فاونڈیشن جو اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ اگری کلچر آرگنائزیشن کے ساتھ کام کرتا ہے نے حیدرآباد کو دنیا کے درختوں کے شہر کے طورپر تسلیم کیا ہے ۔یہ سرسبز وشادابی میں اضافہ کے لئے شروع کردہ ہریتا ہرم پروگرام کے حصہ کے طور پر سرسبز وشادابی میں بہتری کے لئے ہماری کوششوں کو قبول کرنا ہے ۔تارک راما راو جو وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند و حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگذار صدر بھی ہیں نے اس سلسلہ میں جاری کردہ سرٹیفکیٹ کو بھی ٹوئیٹ کیا جس پر اس فاونڈیشن کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ اگری کلچر آرگنائزیشن کے ذمہ داروں کی دستخط بھی ہے ۔