پرچم کشائی کا فیصلہ، سابق پولیس عہدیدار کی کانگریس میں شمولیت، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں کریم نگر کے ریٹائرڈ سرکل انسپکٹر داسری بھومیا اور ان کے حامیوں کا کانگریس پارٹی نے خیرمقدم کیا۔ داسری بھومیا نے پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر ان کے حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اتم کمار ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سماج کے تحفظ کے لیے دانشور طبقے کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو صبح 10 بجے تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام کی یادگار کے طور پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں طے کیے گئے فیصلوں پر مباحث ہوں گے۔ اس کے علاوہ رکنیت سازی، ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے قطع نظر کارکنوں کے لیے تربیتی کیمپس منعقد کیے جائیں گے۔ 2 اکٹوبر کو مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت انتقامی جذبے کے ساتھ اپوزیشن قائدین کو نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پیش قیاسی کی ہے کہ ملک کی ابتر معاشی صورتحال کے سبب نوجوانوں کا روزگار خطرے میں پڑسکتا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی معاشی صورتحال پر مختلف پروگرام منعقد کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں مودی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں عبوری بجٹ اور عام بجٹ کے درمیان چھ ماہ کا وقفہ رہا لیکن بجٹ میں 36 ہزار کروڑ کی کمی کردی گئی۔ ایس سی ایس ٹی بی سی اور اقلیت کے بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔ کے سی آر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ رئیتو بندھو اور کسانوں کے قرض معافی اسکیمات کے سلسلہ میں کے سی آر نے دھوکہ دیا ہے۔ ایک لاکھ روپئے تک قرض معافی کا اعلان کیا گیا تھا۔ نوجوانوں کو بے روزگاری بھتہ دینے کا اعلان آج تک پورا نہیں ہوا۔ کم از کم 16 روپئے ہی نوجوانوں کو ادا نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر کی حکمرانی سے عاجز آچکے ہیں۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے سابق پولیس عہدیدار کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ کریم نگر ضلع میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ زمانہ طالب علمی سے وہ پولیس عہدیدار بھومیا کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ریٹائرڈ سرکل انسپکٹر داسری بھومیا نے کہا کہ وہ 27 برس تک محکمہ پولیس سے وابستہ رہے اور ان کے ساتھ کئی ناانصافیاں کی گئیں۔ عوامی خدمت کے لیے وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف ایک خاندان کی حکمرانی چل رہی ہے۔