خون کا عطیہ کیمپ اور غریبوں میں امدادی کام، گاندھی بھون میں شہید فوجیوں کو خراج
حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی قائد اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر ریاست بھر میں سادگی کے ساتھ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور غریبوں کے لیے مختلف فلاحی کام انجام دیئے گئے۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی اپیل پر حیدرآباد اور ریاست کے دیگر اضلاع میں پارٹی قائدین اور کیڈر نے سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا۔ دھوم دھام سے سالگرہ منانے کے بجائے اس رقم کو غریبوں کی امداد پر خرچ کیا گیا۔ حیدرآباد اور اضلاع میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کئے گئے اور غریب خاندانوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ سرکاری دواخانوں اور یتیم خانوں میں میوہ تقسیم کیا گیا۔ کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کیک کاٹا۔ انہوں نے سٹی کانگریس کمیٹی اور یوتھ کانگریس کی جانب سے منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپ اور غریبوں میں اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا آغاز کیا۔ این ایس یو آئی کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، صدر این ایس یو آئی بی وینکٹ، فیروز خان اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے حال ہی میں کورونا سے فوت ہونے والے صحافی منوج کے ارکان خاندان کے لیے 50 ہزار روپئے کا چیک جرنلسٹ یونین کے نمائندوں کے حوالے کیا۔ این ایس یو آئی کی جانب سے یہ امداد دی جارہی ہے۔ اس موقع پر لداخ میں چین کے ساتھ جھڑپ میں ملک پر جان نچھاور کرنے والے 20 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے صفائی کرمچاریوں کو تہنیت پیش کی گئی اور انہیں غذائی اجناس کے پیاکٹس حوالے کئے گئے۔ تقریباً ایک ہزار غریبوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کے لیے راہول گاندھی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور عوام انہیں مستقبل کے وزیراعظم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ناگرکرنول میں ڈاکٹر ملوروی کی جانب سے صفائی کرمچاریوں اور پولیس ملازمین کو تہنیت پیش کی گئی۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر کی جانب سے کریم نگر میں راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور غریبوں میں اجناس کی تقسیم عمل میں آئی۔ غریبوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا اور دواخانوں میں پھل تقسیم کئے گئے۔ کانگریس کارکنوں نے اس موقع پر خون کا عطیہ دیا۔ راہول گاندھی کے حق میں خصوصی پوجا کی گئی۔
