قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری قائم کی جائے، لوک سبھا میں اتم کمار ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے درمیان بلٹ ٹرین متعارف کرنے کا مرکز سے مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں ریلویز کے بجٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دونوں دارالحکومتوں کے درمیان ہائی اسپیڈ ٹرین کی صورت میں عوام محض دو گھنٹوں میں اپنی منزل کو پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین معاشی اعتبار سے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا مرکز کو اس سلسلہ میں فوری قدم اٹھانے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل میں مرکز ناکام ہوچکا ہے۔ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ریلوے ٹریکس بچھانے کا کام جنگی خطوط پر انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے وعدوں کی تکمیل مرکز کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی تا احمد آباد بلڈ ٹرین کی طرح تلنگانہ اور آندھراپردیش کے دارالحکومتوں کو تیز رفتار ٹرین سے مربوط کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے وجئے واڑہ تک قومی شاہراہ پر ٹرین کی راہداری تعمیر کی جانی چاہئے جو دونوں ریاستوں کے عوام کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے لائین کی تعمیر کے لیے کئی مقامات پر اراضی کا حصول مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے جگیاپیٹ سے مریال گوڑے تک گوڈس ٹرین چلانے اور پیسنجر ٹرین کی تجویز پیش کی۔