حیدرآباد تا وجئے واڑہ 6 لائن اکسپریس وے کاموں کا عنقریب آغاز

   

اتم کمار ریڈی کی نتن گڈکری سے ملاقات ۔ جی ایم آر کمپنی سے تنازعہ کی عنقریب یکسوئی
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کو تیقن دیا کہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ 6 لائن کے سڑک کے تعمیری کاموں اور 4 لائن کے اکسپریس وے کے کاموں کا عنقریب آغاز ہوگا۔ نئی دہلی میں اتم کمار ریڈی نے نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ کے تعمیری کاموں پر نمائندگی کی۔ اُنھوں نے مرکزی وزیر سے کہاکہ قومی شاہراہ 65 حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے درمیان ایک اہم رابطہ کا ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ حضورآباد، کوداڑ، سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ ٹاؤنس کو یہ قومی شاہراہ جوڑتی ہے۔ 247 کیلو میٹر طویل اکسپریس وے جو 4 لائن پر مشتمل ہے اکٹوبر 2012 ء میں آغاز کیا گیا تھا۔ جی ایم آر پرائیوٹ لمیٹیڈ نے اِس پراجکٹ کی تکمیل کی۔ معاہدہ کے مطابق 6 لائن پر مشتمل پراجکٹ کی تکمیل اپریل 2024 ء تک مکمل کرنی ہے۔ موجودہ حالات کے مطابق ہائی وے پر 50 ہزار سے زائد گاڑیاں چل رہی ہیں۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بتایا کہ جی ایم آر نے ریونیو اور دیگر اُمور کے بارے میں اختلاف کیا اور معاوضہ کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جی ایم آر نے 6 لائن پر مشتمل پراجکٹ میں اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ نتن گڈکری نے کہاکہ وہ شخصی طور پر اِس پراجکٹ کی تکمیل میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ جی ایم آر کمپنی نے عدالتی تنازعہ ختم کرتے ہوئے جلد از جلد کام شروع کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ کاموں کے جلد آغاز کے لئے مرکزی وزارت کی جانب سے اندرون دو ہفتے تمام ضروری اُمور مکمل کرلئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی کے علاوہ بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی نتن گڈکری سے نمائندگی کی۔ ملاقات کے بعد اتم کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ نتن گڈکری اپنے وعدوں کی تکمیل میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے۔ ر