حیدرآباد : حیدرآباد ریس کلب واقع ملک پیٹ میں آج گھوڑوں کے ریس کے دوران ایک جاکی حادثہ کا شکار ہوگیا اور شدید طور پر زخمی ہونے کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ جیتندر سنگھ جس کا تعلق راجستھان سے ہے حیدرآباد ریس کلب میں جاکی کی حیثیت سے گھوڑوں کی ریس میں حصہ لیا کرتا تھا ۔ اتوار کی دوپہر عثمان ساگر پلیٹ ڈیویژن 2 مقابلوں میں شرکت کی اور ریس کے دوران وہ حادثہ کا شکار ہوگیا اور گھوڑے کے ساتھ نیچے گرپڑا ۔ اس حادثہ میں جیتندر سنگھ شدید زخمی ہوگیا اور اسے ریس کلب کے عملہ نے فوری ملک پیٹ کے ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ کے دوران وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔