حیدرآباد میں این آر سی کی حمایت میں جلسہ ، امیت شاہ کی شرکت

   

متعدد اہم قائدین کی بھی شرکت ، تلنگانہ حکومت کے فیصلہ پر بی جے پی کا اقدام
حیدرآباد۔20فروری(سیاست نیوز) مرکزی و زیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد میں سی اے ا ے کی تائید میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے 15 مارچ کو لعل بہادر اسٹیڈیم (فتح میدان) میں شہریت ترمیم قانون کی تائید میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے پولیس کی جانب سے اجازت بھی فراہم کی جاچکی ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ کے اس جلسہ عام میں تلگو فلم اداکار سے سیاستداں بننے کی ناکام کوشش کرنے والے جنا سینا پارٹی سربراہ پون کلیان بھی خطاب کرنے کا امکان ہے ۔شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس جلسہ عام کے لئے پولیس کی جانب سے اجازت کی فراہمی کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں اجازت فراہم کی جاچکی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے مخالف سی اے اے ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ بات چیت کے بعد جلسہ عام منعقد کرنے کے اعلان اور ریاستی کابینہ کی جانب سے سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد منظور کئے جانے کے فیصلہ کے بعدبھارتیہ جنتا پارٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ اور شہر حیدرآباد میں سی اے اے کی تائید میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بشیر باغ لعل بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہونے جا رہے اس جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اس جلسہ عام کو سی اے اے کی تائیدمیں ریاست تلنگانہ کے ریاستی سطح کے جلسہ عام کے طور پر منعقد کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس جلسہ عام میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین کے علاوہ ریاست کے بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین بھی شرکت کریں گے۔ریاستی حکومت کے اقدام کی مخالفت اور ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اسمبلی میں قرار داد کی پیشکشی کے کابینہ میں لئے گئے فیصلہ کے خلاف سی اے اے کی تائید میں یہ جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں کئی اہم قائدین شرکت کررہے ہیں۔