حیدرآباد میں سیری لنگم پلی سب سے سرد علاقہ

   

حیدرآباد 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ان دنوں سردی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور بعض علاقوں میں غروب آفتاب کے ساتھ ہی سردی میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ حکام کی جانب سے حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں جو سرد موسم ریکارڈ کیا گیا ہے ان میں سیری لنگم پلی سب سے سرد علاقہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 13.4 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ چند برسوں سے آئی ٹی مرکز گچی باؤلی، ہائی ٹیک سٹی اور سیری لنگم پلی میں درجہ حرارت کافی کم ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ان علاقوں میں سبزہ زار زیادہ ہونے اور پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی دیکھی جاتی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی (ٹی ایس ڈی پی ایس) کے بموجب گزشتہ 4 دنوں کے دوران سیری لنگم پلی علاقہ میں درجہ حرارت 6.7 سنٹی گریڈ کی کمی واقع ہوئی ہے جیسا کہ 4 تا 7 ڈسمبر یہاں کا درجہ حرارت 20.1 سنٹی گریڈ سے کم ہوکر 13.4 سنٹی گریڈ ہوگیا ہے۔