مرکز سے اجازت کا انتظار، 50 فیصد مسافرین کی گنجائش
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن میں رعایتوں کے بعد بتدریج ٹرین اور بس سرویسس بحال ہورہی ہیں۔ مرکز کی جانب سے میٹرو ریل چلانے کی جون کے پہلے ہفتہ میں امکانی اجازت کے پیش نظر حکومت نے ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرویسیس کی بحالی کیلئے تیار رہیں۔ 24 مارچ سے قومی لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد میٹرو ریل خدمات کو معطل کردیا گیا تھا۔ گذشتہ دو ماہ سے میٹرو ریل کو ماہانہ 45 کروڑ روپئے کا خسارہ ہوا ہے جو مسافرین کے کرایوں کے علاوہ بعض اسٹیشنوں میں تجارتی سرگرمیوں کے کرایہ پر مشتمل ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اگر مرکز میٹرو ریل کی اجازت دیتی ہے تو شہر میں سٹی بس سرویس بھی بحال کردی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت کو مرکز کی جانب سے گائیڈ لائنس کا انتظار ہے۔ ہر میٹرو ٹرین میں 3 کوچس ہیں جن میں 1000 مسافرین کی گنجائش ہے۔ لاک ڈاؤن کی تحدیدات کے تحت صرف 50 فیصد مسافرین کو اجازت دی جاسکتی ہے۔ 500 مسافرین کے ساتھ میٹرو ریل بحال کی جاسکتی ہے۔ میٹرو ٹرین سے مسافرین کو کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد مل رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مرحلہ 5 میں میٹرو ٹرین کے ساتھ ساتھ سٹی بس سرویسس کی خدمات بھی بحال کردی جائیں گی۔ تاہم مرکز کی جانب سے آج جو گائیڈ لائینس جاری کی گئیں ان میں میٹرو کے آغاز کو موخر رکھا گیا ہے۔