حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی فوجی فورسیس کی پہلی بٹالین جو جاپان کی اوکیناوا کے باہر خصوصی فورس کے پہلے گروپ سے تعلق رکھتی ہے فی الحال حیدرآباد میں ہندوستانی قومی سلامتی گارڈس کے ساتھ مشترکہ مشقیں کررہی ہے۔ حیدرآباد کی ہند امریکی مشقیں ان دونوں ملکوں کی فورسیس کے درمیان دوستی اور باہمی کارروائیوں کے ضمن میں معاون ہوگی۔ یہ مشقیں ہندوستان اور امریکہ دونوں ہی ملکوں کی مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافہ کے مقصد سے تزین کی گئی ہیں تاکہ دونوں ملک اپنی فورسیس کا مزید موثر استعمال کریں اور صحت عامہ کو لاحق خطرہ کے حامل کسی بحران کی صورت میں مدد حاصل کریں۔ نئی دہلی میں واقع امریکی سفارتخانہ اور ہوائی میں واقع کیمپ ایچ ایم اسمتھ پربحرالکاہل کمانڈ کے امریکی خصوصی کارروائیوں کے شعبہ کی طرف سے ان مشقوں کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ امریکی قونصل جنرل کیتھیرائین ہڈا نے کہا کہ ’’ امریکہ و ہند دفاعی رفاقت مستحکم ہے اور مزید مستحکم ہورہی ہے۔ حیدرآباد میں خصوصی فورسیس کی یہ مشقیں دونوں ممالک کے تعاون و تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے، جس سے واضح طور پر یہ دونوں ملکوںکو فائدہ ہوگا۔‘‘ حیدرآباد کی مشقیں امریکی اسپیشل فورسیس کیلئے اس لئے بھی اہم ہیں کہ اس موقع پر نئے ماحول میں ہندوستانی ساجھیداری کے ساتھ موثر انداز میں کام کرنے اور تجربات کے تبادلہ کا موقع فراہم ہوگا۔ یہ تجربات کسی بحران سے نمٹنے کی کارروائیوں میں معاون ثابت ہوں گے۔ امریکہ نے ہندوستان کو ایک اہم دفاعی ساجھیدار کے طور پر تعمیر کیا ہے اور حیدرآباد سے ہند ۔ امریکی دفاعی سازو سامان کی پیداوار کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھرا ہے جہاں دونوں ملکوں کے مشترکہ ادارے، ٹکنالوجی مراکز موجود ہیں۔