حیدرآباد۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ونڈے کرکٹ کے بعد ٹوئنٹی 20 نے اپنی حکمرانی ثابت کی ہے لیکن اب لگتا ہے کہ ساری دنیا میں ٹی 20 بھی قصہ پارینہ بن جائے گا کیونکہ انگلینڈ میں اب کلب حلقوں میں ایک نیا فارمیٹ 100 بال کرکٹ مقبولیت حاصل کررہا ہے جوکہ ٹی 20 کے بعد کرکٹ کا نیا انداز مانا جارہا ہے جس کو حیدرآباد میں خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ ہاکی اسٹیڈیم میں اپنی نوعیت کا پہلا 100 بال کرکٹ مقابلہ سن نیٹ آلویز پروفشنل اور آر کے وینٹج الیون کے درمیان کھیلا گیا جہاںسن نیٹ نے اپنے اوپنر محمد عمران کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کی یادرگار کامیابی حاصل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آر کے ونٹیج نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 100 گیندوں کی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان سے 122 رنز اسکور کئے۔ راجیش ونگا نے 17 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30رنز اسکور کئے جبکہ ان کے ساتھ عبدالرازق نے 16 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز اسکورکئے اور ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز کا اسکور بنایا۔سن نیٹ کیلئے کپتان حسن ،محمد عابد اور فہیم نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کی۔جوابی اننگز میں حسن اور عمران خان نے پہلی وکٹ کیلئے 9 اوورس میں 70 رنز کی بہترین شروعات فراہم کی جس کی بدولت ٹیم نے 14.1 اوورس میں مطلوبہ نشانہ 123 رنز ایک وکٹ پر ہی حاصل کرلیا۔مین آف دی میچ عمران خان نے 37 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 67 رنز بنائے جبکہ آوٹ ہونے سے قبل حسن نے 4 چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کئے علاوہ ازیں محمد عثمان عقیل نے 17 گیندوں میں 22 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیل کر اس یادگار مقابلے میں کامیابی کو سن نیٹ کیلئے آسان بنایا۔