شہریو ں کو کافی احتیاط برتنے کی ضرورت ۔ نزلہ ، زکام ،بخار کی عام شکایت
حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد میں دو یوم سے جاری موسم صحت کے اعتبار سے ٹھیک نہیں ہے اور اس طرح کے موسم میں شہریوں کو کافی احتیاط برتنی چاہئے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ ہلکی بارش اور اس کے ساتھ پڑنے والی ٹھنڈ سے وبائی امراض میں اضافہ کے ساتھ سردی‘ نزلہ ‘ بخار اور دیگر عوارض کی شکایات پیدا ہونے لگتی ہیں اسی لئے موسم کی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے اقدامات کو ناگزیر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ یوم سے موسم میں خنکی پیدا ہوچکی ہے اور شہر کئی علاقو ںمیں دن اور رات کے دوران ہلکی بارش بھی ہوئی جس کے نتیجہ میں درجہ حرارات میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہونے والے اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو بھی حرکت میں آتے ہوئے شہر کے تمام رہائشی علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہلکی بارش کے بعد کچہرے سے بدبو و تعفن کے ساتھ کئی طرح کے بیکٹیریاء بھی پیدا ہونے لگتے ہیں جو کہ وبائی امراض کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں موسمی تبدیلی کے سلسلہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورونا
وائرس کی وباء کے دوران اس طرح کی موسمی تبدیلی اور صورتحال نے محکمہ صحت کو مزید چوکس کردیا ہے ۔ موسمی تبدیلی کے دوران شہریوں کو گرم کپڑوں کے استعمال کے ساتھ ٹھنڈ سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے چاہئے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی کے سبب ہونے والی وبائی امراض کی صورت میں بھی فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ وبائی امراض جیسے بخار‘ سردی‘ کھانسی ‘ نزلہ کی صورت میں انسان کی قوت مدافعت کمزور ہونے لگتی ہے اور موجودہ حالات میں قومت مدافعت کا کمزور ہونا انتہائی نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں رہنے والوں کو ہلکی بارش اور سردی کے دوران اگر کسی بھی طرح کے صحت کے مسائل ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں فوری متحرک ہوتے ہوئے علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلی عارضی ہے اور جلد ہی ابر آلود مطلع ختم ہو جائے گا اور بتدریج درجہ حرارت میں اضافہ ہونا شروع ہوجائے گا اور موسم گرما کے دوران وبائی امراض پر قابو پانا آسان ہوتا ہے۔