حیدرآباد کیلئے صاف اور محفوظ سیوریج نظام کیلئے اقدامات

   

سوچھ بھارت مشن کے واٹر پلس سرٹیفکیٹ کے حصول کی مساعی

حیدرآباد۔10اگسٹ(سیاست نیوز) کھلے مقامات پر رفع حاجت سے پاک شہر کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اب سوچھ بھارت مشن کے واٹر پلس کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے اور ان کوششوں کے تحت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد میٹرو پولیٹین واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے تمام تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور سوچھ بھارت مشن کے عہدیداروں کی ٹیم جو فی الحال شہر حیدرآباد کا دورہ کررہی ہے اسے درکار تمام تفصیلات کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جن شہروں میں صاف اور محفوظ سیوریج نظام ہے ان شہروں کو یہ سرٹیفکیٹ دیا جا رہاہے اور سرٹیفیکیٹ کی اجرائی سے قبل اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ شہری علاقہ میں موجود تالابوں اور ذخائر آب تک پہنچنے والے سیوریج کے پانی کی صفائی عمل میں لائی جا رہی ہے یا نہیں۔سوچھ بھارت مشن کے عہدیدارو ںکی ٹیم حیدرآباد میٹرو پولیٹین واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی نگرانی میں چلائے جانے والے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی معائنہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں فی الحال واٹر بورڈ کے تحت 20 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کارکرد ہیں جن کے ذریعہ کئی لاکھ لیٹر سیوریج کے گندے پانی کی صفائی عمل میں لائی جارہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد واٹر بورڈ کے تحت موجود 20 ایس ٹی پیز کے ذریعہ یومیہ 772ملین لیٹر پانی کی صفائی عمل میں لائی جاتی ہے۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ فی الحال بلدی حدود میں 94 فیصد سے زیادہ پانی کی صفائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اسے تالابوں میں چھوڑا جا رہا ہے جو کہ ملک میں فیصد کے اعتبار سے سب سے زیادہ ہے۔شہر حیدرآباد کے حدود میں یومیہ 1780 ملین لیٹر سیوریج پیدا ہوتا ہے جس میں سے 772ملین لیٹر کی صفائی عمل میں لائی جا تی ہے جب کہ ملک کے کئی شہروں میں اب بھی ایس ٹی پیز کے ذریعہ واٹر ٹریٹمنٹ 20تا30 فیصد ہی ہوا کرتا ہے۔واٹر بورڈ کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت سے مشاورت کے بعدشہری حدود میں مزید 17 ایس ٹی پیز کی تعمیر کو منظوری حاصل ہوئی ہے اور ان ایس ٹی پیز کی تعمیر کے بعد375ملین لیٹر سیوریج کی یومیہ صفائی میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں نہ صرف جی ایچ ایم سی بلکہ حیدرآباد میٹروپولیٹین واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت بھی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ چلائے جا رہے ہیں جن کے ذریعہ شہر میں سیوریج کے ذریعہ پہنچنے والی گندگی کو دور کرنے کے علاوہ پانی کی صفائی کو بہتر انداز میں انجام دیا جاتا ہے اور صاف پانی کو شہر میں موجود تالابوں تک پہنچانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے تالابوں میں صاف پانی پہنچتا ہے اور گندگی‘ بدبو وتعفن نہیں رہتا۔