حیدرآباد کی آئندہ میئر خاتون ہوں گی، پہلی مرتبہ خاتون کیلئے عہدہ محفوظ

   

کارپوریشنوں اور بلدیات کے لیے تحفظات کا اعلان، ایس سی، ایس ٹی اور بی سی کو 50 فیصد تحفظات
حیدرآباد۔10 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی آئندہ میئر خاتون ہوں گی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاست کے تمام کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کے لیے تحفظات کا اعلان کردیا جس کے مطابق حیدرآباد کی آئندہ میئر خاتون ہوں گی۔ میئر کی نشست خاتون کے لیے محفوظ کی گئی ہے اور یہ تحفظات دو میعادوں تک برقرار رہیںگے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بلدی انتخابات کے پیش نظر میئر، صدور نشین اور وارڈ ممبرس کے عہدوں کے لیے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور خواتین کے لیے تحفظات کا تعین کیا ہے۔ ریاست میں 120 میونسپلٹیز اور 10 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 22 جنوری کو مقرر ہیں۔ کارپوریشنوں کے میئر کے عہدوں کے لیے خاتون اوپن زمرے کے تحت جن کارپوریشنوں کو محفوظ کیا گیا ان میں حیدرآباد، کھمم، بڈنگ پیٹ اور نظام پیٹ شامل ہیں۔ نظام آباد اور جواہر نگر کارپوریشنوں کے میئر کا عہدہ بی سی (خاتون) کے لیے مختص کیا گیا۔ بی سی (جنرل) کے زمرے میں گریٹر ورنگل اور بنڈلہ گوڑہ کارپوریشنوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔ عام کھلے زمرے کے تحت کریم نگر، بوڈاوپل اور پیرزادی گوڑہ کارپوریشنوں کے میئر کے عہدے کو محفوظ کیا گیا۔ ایس سی کے لیے راما گنڈم اور ایس ٹی کے لیے میرپیٹ کارپوریشنوں کے میئر کے عہدے کو محفوظ کیا گیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں میئر کے عہدے کو خاتون کے لیے مختص کرنا پہلی مرتبہ ہے۔ کارپوریشنوں کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ میئر کے عہدے کو ویمن جنرل زمرے میں محفوظ کیا گیا۔ سابق میں دو خواتین حیدرآباد کی میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ سروجنی پلا ریڈی (کانگریس) میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کی 1965ء میں پہلی خاتون میئر تھیں جبکہ کانگریس کی ہی بی کارتیکاریڈی 2009ء میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی پہلی میئر رہیں۔ حیدرآباد کے موجودہ میئر ٹی آر ایس کے بی رام موہن ہیں لیکن جب بھی انتخابات ہوں گے خاتون میئر منتخب ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ڈرا کے ذریعہ تحفظات کو قطعیت دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے وضاحت کی کہ نئے مختص کردہ تحفظات دو میعادوں کے لیے ہوں گے۔ ایس سی، ایس ٹی کے تحفظات ان کی آبادی کے تناسب سے مقرر کئے گئے جبکہ بی سی تحفظات رائے دہندوں کی تعداد کی بنیاد پر طے کئے گئے۔ ویمن ریزرویشن کا تعین ڈرا کے ذریعہ کیا گیا۔ بی سی طبقات کو میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں میں 30 تا 33 فیصد تحفظات حاصل ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے اس بات کی کوشش کی کہ مجموعی تحفظات 50 فیصد سے تجاوز نہ ہوں۔ تحفظات کو قطعیت کے باوجود جی ایچ ایم سی گریٹر ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات 22 جنوری کو مقرر نہیں ہیں۔ ان کارپوریشنوں کی میعاد ابھی باقی ہے۔ 123 میونسپلٹیز میں ایس ٹی کے لیے 4، ایس سی کے لیے 17، بی سی 40 اور عام زمرے میں 62 میونسپلٹیز کو محفوظ کیا گیا۔ 2011ء مردم شماری کے اعتبار سے خواتین کے لیے تقریباً 50 فیصد نشستیں محفوظ کی گئیں۔