حیدرآباد۔11 مئی (سیاست نیوز) پچھلے 47 دنوں سے 5 فیصد افرادی قوت کے ساتھ کام کرنے کے بعد حیدرآباد میں آئی ٹی انڈسٹری بہتر انداز میں کام کرنے کے لئے تیار ہے اور پیر سے آئی ٹی شعبوں میں سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں حالانکہ ریاست میں لاک ڈاؤن میں 29 مئی تک توسیع کی ہے۔ ریڈ زون میں کام کرنے والی نجی کمپنیوں کے لئے کچھ نرمی کی سہولت فراہم کی ہے اور جی ایچ ایم سی کے علاقے میں واقع آئی ٹی / آئی ٹی ایس انڈسٹری پیر کو اپنے 33 فیصد افرادی قوت کے سا تھ کام شروع کردیا ہے ۔ سوسائٹی برائے سائبر آباد سیکیورٹی کونسل (ایس سی ایس سی) کے جنرل سکریٹری کرشنا ییدولا نے کہا ہے کہ اگرچہ حکومت نے 33 فیصد افرادی قوت کو دفاتر میں واپس آنے کی اجازت دے دی ہے لیکن کمپنیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پہلے ایک ہفتے کے لئے اپنے ملازمین میں سے صرف 10-15 فیصد کی اجازت دیں اور پھر ان کی ضروریات کے مطابق آہستہ آہستہ اس میں اضافہ کریں۔ ان کمپنیوں کو کچھ رہنمایانہ اصول جاری کیے گئے ہیں جن پر عمل کیا جائے جس میں لاگ ان اور لاگ آؤٹ کے لئے وقت ، اختیار کے حدود ، کرفیو کے اوقات میں محدودنقل و حرکت ، دفتراور گاڑیوں میں جسمانی فاصلے کے اصولوں پر عمل کرنا ، اور کیفیٹیریا اور دیگر ہجوم جمع کرنے کے مقامات پر قواعد پر سختی سے عمل کرنا ہے۔
