شہر کے مختلف مقامات سے کل آغاز، بسوں میں عصری سہولتیں
حیدرآباد 3 فروری (سیاست نیوز) ملک بھر میں عوامی ٹرانسپورٹ شعبہ کے تحت اپنی نوعیت کی منفرد ’’الیکٹرک بسوں‘‘ کو متعارف کرنے کا اعزاز صرف حیدرآباد کو ہی حاصل ہوگا کیوں کہ 5 فروری سے یہ بسیں شہر حیدرآباد کی بعض روٹس پر چلائی جائیں گی اور ان ریجن کے عہدیداروں نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ٹی ایس آر ٹی سی حیدرآباد سٹی ریجن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ پہلے مرحلہ کے تحت ریجن کو جملہ 40 نئی الیکٹرک بسیں حاصل ہوئی ہیں جن میں میاں پور II ڈپو کے لئے 20 اور کنٹونمنٹ بس ڈپو کے لئے 20 بسیں شامل ہیں۔ اب تک ہی شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر ان بسوں کو تجرباتی اساس پر چلایا جاچکا ہے اور یہ بسیں سٹی روٹس کے لئے بہتر ثابت ہوسکتی ہیں۔ میاں پور بس ڈپو II اور کنٹونمنٹ ڈپو میں ہائی ٹینشن برقی لائنس کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے 12 الیکٹرک چارجنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور سب سے پہلے میاں پور II ڈپو کے ذریعہ ان بسوں کا افتتاح کیا جائے گا اور مختلف علاقوں کے ذریعہ ایرپورٹ شمس آباد کے لئے یہ بسیں چلائی جائیں گی۔ بعدازاں کنٹونمنٹ بس ڈپو سے مختلف روٹس پر یہ بسیں چلائی جائیں گی۔ اس طرح تمام الیکٹرک بسیں شروع ہوجانے کے پیش نظر ہر 20 منٹ تا 30 منٹ کے وقفہ سے مختلف روٹس کے ذریعہ ایرپورٹ شمس آباد کے لئے یہ بسیں مسافروں کے لئے دستیاب رہیں گی۔ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ان بسوں میں وائی فائی، ریڈیو، آٹومیٹک ایمرجنسی بریکنگ سسٹم، ایل ای ڈی بلبس، اے سی کی سہولتیں فراہم رہیں گی بلکہ ان بسوں کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوگی۔ ان بسوں میں بشمول ڈرائیور 40 مسافرین کے بیٹھنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس طرح ہر بس کو کم از کم 3 تا 4 گھنٹوں تک ری چارج کرنے کی ضرورت رہے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ’’لیدھیم ایان بیٹری کو بس میں تنصیب کرنے پر ایک مرتبہ چارجنگ کرنے پر آسانی کے ساتھ کم از کم 300 کیلو میٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔