تہران ۔ 19 مارچ (ایجنسیز) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں اسرائیل کے شمالی شہر حیفا میں واقع ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پر ایران نے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں ریفائنری کو جزوی نقصان پہنچا اور کچھ مقامات پر دھماکوں اور دھوئیں کی اطلاعات ہیں۔تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔اسرائیلی حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی میں عارضی خلل پیدا ہوا جسے جلد بحال کر لیا گیا جبکہ امدادی اور بم ڈسپوزل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے جس کے باعث عالمی تیل منڈی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مصر نے توانائی بحران کے باعث آج رات سے دکانات اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق امریکہ ایرانی تیل پر پابندیاں ختم کرسکتا ہے۔