حیڈرا نے ایک سال میں 30 ہزار کروڑ مالیتی جائیداد کا تحفظ کیا

   

ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی ۔ پارکس کی بحالی اور نالوں پر غیر مجاز تعمیرات کا انہدام

حیدرآباد 18 جولائی (سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ حدود میں ’حیدرا‘ نے ایک سال میں 30 ہزار کروڑ مالیت کی سرکاری جائیدادوں کا تحفظ کرکے ناجائز قابضین کوبرخواست کیاہے۔ ’حیدرا‘ سے جاری تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک برس میں 581 ناجائز قبضہ جات کو برخواست کرکے 499 ایکڑ سرکاری اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس نئے ادارہ نے قیام کے ایک سال میں 6 تالابوں کے احیاء کو تجرباتی اساس پر شروع کیا ہے اور ان میں دو تالابوں کے احیاء کو مکمل کیا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق ’حیدرا‘ سے آئندہ 4 تا 6 ماہ میں 950 تالابوں اور کنٹوں کی نئی حد بندی کو مکمل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔499 ایکڑ سرکاری اراضیات پر 581 ناجائز قبضوں کو برخواست کروانے کی تفصیلات کے مطابق تالابوں اور کنٹوں پر 360 ناجائز قبضہ جات کو برخواست کرکے 133 ایکڑ اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ مختلف کالونیوں کے لے آؤٹس پر 86 ناجائز قبضوں کو برخواست کرکے 123 ایکڑ اراضی کا تحفظ کیاگیا ہے ۔ اسی طرح نالوں پر 20 ناجائز قبضہ جات اور تعمیرات کو برخواست کرکے 8 ایکڑ اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔سڑکوں پر قبضہ کی جملہ 74 تعمیرات کو ’حیدرا‘ نے برخواست کرکے 218.30 ایکڑ اراضی کی حفاظت کی ۔ پارکس پر غیر قانونی تعمیرات کو برخواست کرکے 10.65 ایکڑ اراضی کا تحفظ کیاگیا جن پر جملہ 38 ناجائز قبضہ جات تھے ۔5.94 ایکڑ اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کو برخواست کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ ’حیدرا‘ نے 51 ڈساسٹر ریسپانس ٹیموں کی تشکیل کے علاوہ 150 مانسون ایمرجنسی ٹیموںکی تشکیل کے ذریعہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ کمشنر ’حیدرا‘ اے وی رنگاناتھ نے آج میڈیا کو یہ تفصیلات بتائی ۔3