پرجاوانی میں وصول شدہ شکایت کے جائزہ کے بعد سخت صیانتی انتظام کے ساتھ کارروائی
حیدرآباد۔7۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے پرانے شہر کے علاقہ حافظ بابا نگر میں 2500 مربع گز سرکاری اراضی واپس حاصل کرلی ہے اور اس جائیداد پر سرکاری اراضی کا بورڈ آویزاں کردیا ہے۔ بندلہ گوڑہ منڈل کے موضع کندیکل میں واقع اس اراضی کے سلسلہ میں ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرجاوانی پروگرام کے دوران مذکورہ اراضی کے متعلق شکایت موصول ہوئی تھی اور شکایت کنندہ نے اربن لینڈ سیلنگ ایکٹ کے تحت موجود اس سرکاری اراضی پر کئے جانے والے قبضہ کے متعلق اپنی شکایت کے ساتھ دستاویزات پیش کئے تھے اور ’حیڈرا‘ نے دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے سروے نمبر 303 اور306 میں موجود اس اراضی پر موجود تعمیرات کو منہدم کردیا اور انہدامی کاروائی کے دوران کی جانے والی مداخلت کو پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔ حافظ بابا نگر کے علاقہ میں موجود 2500 مربع گز کی اس جائیداد کے متعلق ’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںنے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ اراضی پر کی جانے والی کاروائی کے سلسلہ میں محکمہ مال کے پاس موجود دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اسے حاصل کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ جائیداد پر قبضہ کرتے ہوئے کی گئی آر سی سی تعمیرات کو ’حیڈرا‘ نے بلڈوزر کے ذریعہ مکمل طور پر منہدم کرتے ہوئے اس سرکاری اراضی کو واپس حاصل کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی پر کی جانے والی تعمیرات میں رہائشی ‘ تجارتی عمارتوں کے علاوہ شیڈس تعمیر کئے گئے تھے جنہیں ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے محکمہ مال کے عہدیداروں کی موجود گی میں عوامی احتجاج کے دوران مکمل طور پر منہدم کردیا اور سرکاری اراضی کے بورڈ آویزاں کئے ۔ عہدیداروں کے مطابق مذکورہ اراضی کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں قابضین کی جانب سے متعدد مرتبہ کوششیں کی گئی جو کہ ناکام رہیں ۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے گذشتہ دنوں غیر قانونی اور غیر مجاز عمارتوں کو مہربند کرنے کی ہدایت دی تھی اور ان احکامات کو بنیاد بناتے ہوئے ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے دونوں شہروں میں اچانک کاروائیوں کا آغاز کیا ہے ۔ گذشتہ یوم کی گئی کاروائی کے دوران گچی باؤلی سندھیا کنونشن کے قریب تعمیر کئے گئے شیڈس اور دیگر تعمیرات کو منہدم کیا گیاتھا اور آج پرانے شہر میں حافظ بابانگر میں پرجاوانی پرواگرام میں موصول ہونے والی شکایت کو بنیاد بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر کاروائی کی گئی ہے۔3