حیدرآباد/10ستمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ میں مصروف حیڈرا کو عنقریب پولیس عملے کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کے خلاف نوٹس کی اجرائی و کریمنل کیس درج کرنے حیڈرا کو پولیس اسٹیشن کے اختیارات دیئے جائیں گے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس، اربن لوکل باڈیز اور دیگر محکمہ جات سے اس پر مشاورت جاری ہے۔ عہدیداروں کے مطابق غیر مجاز تعمیرات کی صورت میں انہدام کیلئے جو نوٹس جاری کی جاتی ہے اس میں مہلت کا تعین کیا جاتا ہے ۔ جب کسی غیر مجاز قبضہ کی نشاندہی کی جائے تو مالک مکان سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اسے ختم کردے بصورت دیگر مختلف محکمہ جات سے اشتراک کے ذریعہ انہدامی کارروائی کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ انہدامی کارروائیوں میں کسی رکاوٹ کو ختم کرنے حیڈرا نے 3500 ملازمین کی خدمات فراہم کرنے درخواست کی ہے تاکہ اس کی سرگرمیوں میں توسیع کی جاسکے۔ حیڈرا عہدیدار نے بتایا کہ حیڈرا کی سرگرمیوں کو 2000 مربع کلو میٹر سے بڑھا کر 2500 مربع کلو میٹر کیا جارہا ہے۔1