سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کے خلاف حیڈرا کی کارروائیوں کے بارے میں حکومت کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ حیڈرا کے نام پر حکومت کو وائیٹ پیپر جاری کرنا چاہیئے جس کے تحت ادارہ کے اختیارات اور کارکردگی کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں۔ گریٹر حیدرآباد جیسے شہر میں کئی غریب خاندان سرکاری اراضیات پر زندگی بسر کررہے ہیں۔ غریب و متوسط اور دولتمند افراد کے درمیان فرق محسوس کرتے ہوئے حیڈرا کے ذریعہ کارروائیاں انجام دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز تعمیرات کے نام پر غریب خاندانوں کو نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کام کا بہتر نتائج کی توقع کے ساتھ آغاز کیا گیا وہ آنے والے دنوں میں حکومت کے امیج کو متاثر کرسکتا ہے لہذا حکومت کو حیڈرا کی کارروائیوں کے بارے میں احتیاط سے کام لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے مکانات کئی جگہ منہدم کئے گئے۔ سی پی آئی غریبوں کو مکانات کی فراہمی کیلئے حکومت سے نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے بفر زون اور ایف ٹی ایل علاقہ کی اراضیات کے تحفظ کے نام پر انہدامی کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔ سی پی آئی سکریٹری نے کہا کہ انہدامی کارروائیوں میں غریبوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔1