خاتون آرکیٹکٹ کی چیف منسٹر نے ستائش کی

   

تلنگانہ میں صلاحیتوں کمی نہیں ، آندھرائی قائدین کو ہم نے غلط ثابت کیا
حیدرآباد۔11 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جنگاؤں کلکٹریٹ کے عالیشان کامپلکس کی تعمیر پر آرکیٹکٹ اور انجنیئر انچیف کی بھرپور ستائش کی اور عوام سے دونوں کا تعارف کرایا ۔ جنگاؤں میں ضلع کلکٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جنگاؤں کلکٹریٹ تعمیر کرنے والے تلنگانہ کے بچے ہیں۔ آندھرائی قائدین کہا کرتے تھے کہ تلنگانہ میں قابلیت نہیں ہے اور حکومت چلانے کی صلاحیت سے محروم ہیں لیکن ہم نے ان باتوں کو غلط ثابت کر دکھایا۔ انہوں نے ارکیٹک اوشا ریڈی کا عوامی نمائندوں اور عوام سے تعارف کرایا اور کہا کہ یادگیر گٹہ سے تعلق رکھنے والی خاتون آرکیٹکٹ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ تلنگانہ سے ان کے تعلق پر مجھے فخر ہے۔ میں انہیں مبارکباد پیش کر رہا ہوں۔ چیف منسٹر نے انجنیئر انچیف گنپتی ریڈی کا بھی عوام سے تعارف کرایا اور کہا کہ گنپتی ریڈی کا تعلق محبوب نگر سے ہے اور یہ بھی فرزندان تلنگانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کئی فرزندان آرکیٹکٹ کے طور پر شاندار عمارتیں تعمیر کر رہے ہیں۔ وزراء اور ارکان مقننہ کی بھرپور حوصلہ افزائی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹریٹ کسی مندر سے کم نہیں جہاں عوام کی بھلائی کے کام ہوتے ہیں۔ر