خاتون ارکان پارلیمنٹ کیساتھ تھرور کی سیلفی فحش:پورندیشوری

   

تھرواننتا پورم: کانگریس قائد ششی تھرور خاتون ارکان پارلیمان کے ساتھ اپنی سیلفی کیلئے اس وقت سرخیوں میں ہیں۔ا س تصویر پر لوگوں کے ردعمل آرہے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک ہیں بی جے پی کی قومی جنرل سکریٹری دگوباتی پورندیشوری ، جنہوں نے اسے فحش قرار دیا ہے۔ پورندیشوری نے ٹوئٹر پر لکھا ہیکہ لوک سبھا ایک مقدس جگہ ہے ، جہاں عوامی امور پر بحث کی جاتی ہے ۔ یہ افسوسناک ہے کہ ششی تھرور لوک سبھاکو اس لئے پرکشش مانتے ہیں کیونکہ یہاں خاتون اراکین ہیں۔ یہ فحش ہے اور یہ جمہوریت کے سب سے بڑے ایوان کے احترام کم کرنے کے مترادف ہے ۔ تھرواننتا پورم لوک سبھاحلقہ کی نمائندگی کرنے والے تھرور پیر کو اس وقت سوالا ت کے گھیرے میں آگئے جب انہوں نے ٹوئٹر پر پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن چھ خواتین اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ لی گئی ایک سیلفی کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔سیلفی کے ساتھ دیئے گئے کیپشن نے بھی لوگوں کی توجہ مبذول کی جس میں تھرو ر نے لکھا تھا کہ کون کہتا ہیکہ لوک سبھا کام کرنے کیلئے پرکشش جگہ نہیں ہے؟ اس تصویر میں تھرور ‘سپریہ سولے ، پرنیت کور، تمی جاچی، ممی چکرورتی، نصرت جہاں اور جیوتی منی کے درمیان نظر آرہے ہیں۔