غازی آباد۔ 19 اگست (ایجنسیز) غازی آباد میں پیش آئے افسوسناک حادثہ میں سب انسپکٹر رچا سچن (25) کی موت کے حوالے سے نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس کی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ رچا کی موت صرف آوارہ کتے کے ٹکرانے سے گرنے کے نتیجے میں نہیں ہوئی، بلکہ پیچھے سے آنے والی ایک کار نے بھی انہیں کچل دیا جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر بھاسکر ورما نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات تقریباً 2 بجے اس وقت ہوا جب رچا اپنی ڈیوٹی ختم کرکے کاوی نگر تھانے سے گھر واپس جا رہی تھیں۔ اسی دوران ایک آوارہ کتا ان کی دو پہیہ گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر گئیں۔ بدقسمتی سے پیچھے سے آنے والی ایک کار ان پر چڑھ گئی، حالانکہ اس وقت انہوں نے ہیلمٹ بھی پہن رکھا تھا۔ حادثہ کے بعد پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور رچا کو سروودیا ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ رچا سچن کا تعلق کانپور سے تھا اور انہوں نے 2023 میں یوپی پولیس میں سب انسپکٹر کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ اس وقت شاستری نگر آؤٹ پوسٹ کی ذمہ داری سنبھال رہی تھیں اور ساتھ ہی یو پی ایس سی امتحان کی تیاری بھی کر رہی تھیں۔ رچا کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ اگلے سال شادی کرنے والی تھیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی مقام کانپور لے جایا گیا۔