خاتون اہلکار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

   

تانڈور ۔ 12 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رشوت لیتے ہوئے ایک خاتون افسر اے سی بی کے جال میں پھنس گئیں۔ منگل کو وقارآباد ضلع کلکٹریٹ دفتر میں یہ واقعہ پیش آیا ۔واقعہ زبردست ہلچل کا سبب بنا۔اے سی بی ڈی ایس پی آنند کمار نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وقارآباد ضلع کلکٹریٹ آفس کے ریونیو سیکشن میں سجاتا بطور ملازم کام کر رہی ہیں۔ نواب پیٹ تحصیلدار کے دفتر کو پروسیڈنگ کاپی بھیجنے کے لیے انہوں نے 15 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ اس پر شکایت موصول ہونے کے بعد اے سی بی عہدیداروں نے منصوبہ تیار کیا۔طے شدہ منصوبے کے مطابق سجاتا 15 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں۔ ان کے قبضے سے رشوت کی رقم ضبط کی گئی اور انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ سرکاری عہدیدارکے طور پر کام کرتے ہوئے رشوت لینے کا یہ واقعہ ضلع کلکٹریٹ دفتر میں سنسنی کا باعث بنا ۔ڈی ایس پی آنند کمار نے یہ بات بتائی کہ رشوت لیتے ہوئے گرفتار کی گئی خاتون افسر سجاتا کیخلاف مقدمہ درج کر کے اے سی بی کورٹ میں پیش کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی افسر رشوت کا مطالبہ کرے تو وہ فوراً اے سی بی سے رابطہ کریں۔