نیویارک: امریکہ کے ایک وفاقی ادارے نے ریسٹورنٹ چین ’’ چپوٹلے‘‘ پر ہراسا ں اور انتقامی کارروائی کرنے پر اس کے خلاف ایک مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ادارے نے یہ مقدمہ کنساس میں واقع ریسٹورنٹ کے ایک منیجر کی جانب سے مبینہ طور پرایک مسلمان خاتون اہل کار کو سر سے حجاب اتارنے پرمجبور کرنے پردائر کیا ہے۔ملازمت کے مساوی مواقع کے کمیشن نے چہارشنبہ کے روز یہ مقدمہ دائر کیا۔ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لینیکسا ،کنساس میں ایک چپوٹلے ریسٹورنٹ کے اسسٹنٹ منیجر نے 2021 میں اس خاتون کے انکار کے باجود اسے یہ کہتے ہوئے بار بار ہراساں کیا کہ وہ اسے اپنے سر کے بال دکھائے۔شکایت کے مطابق کئی ہفتے بعد ہراساں کیے جانے کا یہ سلسلہ منیجر کی جانب سے خاتون کا حجاب زبردستی جزوی طور پر ہٹانے پر ختم ہوا۔شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ منیجر کا جارحانہ رویہ اور مسلسل یہ کہنا کہ وہ اپنا حجاب اتارے ، اور خاتون اہل کار کا سر کا اسکارف زبردستی ہٹانے کی اس کی کوشش ناقابل برداشت ، دانستہ اور سخت اور مذہبی بنیاد پر کی گئی تھی ، جس سے کام کی جگہ پر مذہب کی بنیاد پر خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا۔